پیپلز پارٹی کی مقتول ایم پی اے شہناز انصاری کی نمازجنازہ نوشہرو فیروز میں ادا کردی گئی جس کے بعد انہیں اسماعیل شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
واضح رہے کہ پی پی کی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری گزشتہ روز دریا خان مری کے گاؤں مراد کھوکھر میں قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئی تھیں، انہیں 3 گولیاں لگیں۔
پولیس کے مطابق شہناز انصاری اپنے بہنوئی زاہد کھوکھر کے40 ویں کے سلسلے میں گاؤں دل مراد کھوکھر گئیں تھیں کہ خواتین کی فاتحہ خوانی کے حصہ میں موجود مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہناز انصاری کے بہنوئی ڈاکٹر زاہد کھوکھر کا اپنے بھائیوں کیساتھ ملکیت کا تنازع تھا جس کی وجہ سے انکے بھائیوں نے ایم پی اے شہناز انصاری کو گاؤں دل مراد کھوکھر آنے سے منع کررکھا تھا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہناز انصاری کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیدیا ہے۔











