وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ گندم بحران کی ذمہ داری سندھ اور پنجاب کی حکومتیں ہیں اور اگر میں وزیر اعظم عمران خان کی جگہ ہوتا تو دونوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو برطرف کر دیتا۔
نجی چینل ‘جیو نیوز’ کے پروگرام ‘کیپیٹل ٹاک’ میں ملک میں گندم اور چینی کے بحران سے متعلق فواد چوہدری نے کہا کہ ‘میں جہانگیر ترین اور خسرو بختیار پر حیران ہوں جنہوں نے اپنے سیاسی کیریئر پر اتنا بڑا داغ لگوا لیا ہے، فوڈ کنٹرولر کا کام کرنا ان دونوں کی ذمہ داری نہیں تھی اور نہ ہی اس پورے بحران میں وفاق کا کوئی قصور یا کردار تھا، نہ جانے دونوں نے کن مصلحتوں کے تحت اس معاملے میں صوبوں کی انتظامی غفلت کا نہیں بتایا جس سے ان کے سیاسی کیریئر کو نقصان پہنچا۔’
انہوں نے کہا کہ ‘گندم کا پورا بحران انتظامی غفلت کی وجہ سے سامنے آیا چاہے پنجاب ہو یا سندھ، سو فیصد قصور ان صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور انتظامیہ کا ہے۔’
ان کا کہنا تھا کہ ‘وزیر اعظم عمران خان کھلے دل کے شخص ہے اس لیے انہوں نے گندم بحران کا اعتراف کیا، اگر گندم کی ذمہ داری بھی وزیر اعظم نے لینی ہے تو باقی لوگ کیا صرف پروٹوکول لینے کے لیے بیٹھے ہیں؟’












