پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے 17ویں میچ میں کولن منرو کی شاندار بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 199 رنز کا ہدف دیا ہے، کولن منرو نے برق رفتار 87 رنز بنائے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز لیوک رونکی اور کولن منرو نے شاندار آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 103 رنز جوڑے، لیوک رونکی 31 گیندوں پر 48 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، اُنکی اننگز میں ایک چھکا اور 4 چوکے شامل تھے۔ اس دوران کولن منرو نے پہلے 32 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور 59 گیندوں پر 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اُن کی اننگز میں تین چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ کپتان شاداب خان 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کولن انگرام نے 19 گیندوں پر برق رفتار 29 رنز بنائے، جس میں 6 چوکے بھی شامل تھے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی 6 گیندوں پر 20 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ اسطرح اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے سمیت پٹیل، محمد حفیظ اور محمد فیضان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ لاہور قلندرز کی ٹاس جیت کر فیلڈنگ لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹاس جیتنے کے بعد لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا تھا کہ اس پچ پر 180 تک کا ہدف حاصل ہوسکتا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب نے کہا کہ پچھلا میچ ماضی کا حصہ ہے، اس میچ میں اچھا پرفارم کریں گے، انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز اچھی ٹیم ہے۔ واضح رہے کہ لاہور قلندرز نے گذشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رواں سیزن کا سب سے زیادہ 210 رنز کا ہدف دیا تھا۔ قلندرز کے وکٹ کیپر بیٹسمین بین ڈنک اور سمیت پٹیل نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 155 رنز بنائے تھے۔ بین ڈنک نے صرف 43 گیندوں پر 93 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 10 چھکے بھی شامل تھے، جو پی ایس ایل میں کسی بھی بیٹسمین کے ایک میچ میں سب سے زیادہ چھکے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY