کامیڈی کنگ امان اللہ خان کی نماز جنازہ پیراگون سٹی میں اداکی گئی اور ان کی نماز جنازہ مولاناطارق جمیل نے پڑھائی۔
امان اللہ خان کی صاحبزادی نور امان اللہ نے اپنے فیس بک اکاونٹ پر بتایا تھا کہ ان کے والد کی نماز جنازہ آر بلاک میں بعد نماز عصر اداکی جائے گی۔
واضح رہے کہ دہائیوں تک لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والے امان اللہ خان جمعے کو لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے وہ گردوں اور پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ ان کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان سمیت تمام سیاسی و سماجی اور شوبز شخصیات نے گہرے دکھ اور رنج کااظہارکیاہے اور ان کے لواحقین کے لئے صبر کی دعا کی ہے۔
دو روز قبل امان اللّٰہ کو حالت زیادہ بگڑنے پر آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر شفٹ کر دیا گیا تھا تاہم آج صبح وہ انتقال کر گئے۔
ان کے انتقال کی خبر پھیلنے کے بعد پوری انڈسٹر ی میں سوگ کی فضا پیدا ہو گئی، الحمراء انتظامیہ کی جانب سے امان اللّٰہ کی وفات کے بعد ایک روزہ سوگ کے ساتھ آج الحمراء میں کوئی بھی اسٹیج ڈرامہ نہ کروانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔













