آسٹریلیا نے روس کی طرف سے نئے سفارتخانے کی تعمیر کا راستہ روکنے کیلئے نیا قانون منظور کرلیا۔

روس کے پاس کینبرا میں آسٹریلوی پارلیمنٹ سے صرف 400 میٹر دور ایک زمین لیز پر ہے جہاں وہ نیا سفارتخانہ تعمیر کر رہا تھا۔

حکومت نے عدالت سے رجوع کرکے روسی سفارتخانے کا تعمیراتی کام رکوانے کی کوشش کی لیکن عدالت نے ایسا نہیں کیا۔

نتیجتاً آسٹریلوی حکومت نے آج ایسے نئے قوانین منظور کیے ہیں جنہیں خاص طور پر روس کے سفارتخانے کی تعمیر رکوانے کیلئے بنایا گیا ہے۔

انٹیلیجنس حکام نے حکومت کو خبردار کیا تھا کہ پارلیمنٹ کے قریب روس کے سفارتخانے سے جاسوسی اور سیکیورٹی خطرات ہوسکتے ہیں۔

وزیراعظم انتھونی البانیز نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد نئے قوانین تیار کیے گئے ہیں۔

انہوں نے میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو بہت واضح سیکیورٹی ایڈوائس دی گئی تھی اور ہم نے اس لیے تعمیراتی کام رکوانے کیلئے تیزی سے قوانین منظور کیے ہیں تاکہ لیز کی زمین باضابطہ طور پر سفارتی جگہ نہ بن جائے۔

روسی سفارتکار نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ سفارتخانہ اس متعلق قانونی مشاورت کر رہا ہے۔

آسٹریلیا کی طرف سے منظور کیے گئے نئے قانون کے تحت روس صرف پارلیمنٹ کے قریب سفارتخانہ قائم نہیں کرسکتا۔

قانون میں تسلیم کیا گیا ہے کہ عمارت کی تعمیر رکوانے پر روس کی مالی طور پر تلافی کی جائے گی۔

SHARE

LEAVE A REPLY