وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ساہیوال میں ‘جعلی’ مقابلے کے دوران پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں کے ہاتھوں اپنے والدین اور عزیزوں و اقارب کے قتل کے مناظر دیکھنے والے بچوں کی ذمہ داری ریاست اٹھائے گی۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ ‘ان بچوں کو دیکھ کر ابھی تک صدمے میں ہوں، جنہوں نے اپنے سامنے والدین کو قتل ہوتے دیکھا اور وہ صدمے کا سامنا کررہے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں کے بارے میں ایسی صدمہ انگیز صورتحال کے تصور ہی سے کوئی بھی والدین پریشان ہوجائیں گے۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر ساہیوال واقعے میں ملوث سی ٹی ڈی اہلکار زیرحراست
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان بچوں کی تمام تر ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے ایک اور ٹوئٹ کیا کہ سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا لیکن قانون کے سامنے سب جوابدہ ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ آتے ہی ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ شہریوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔












