حیرہ عرب میں گر کر تباہ ہونے والے طیارے ’کے ٹو‘ کارگو اور ائیر ٹریفک کنٹرولرز کے درمیان گفتگو کا ریکارڈ سامنے آگیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی فضائی حدود میں K-2 ائیرویز کی پرواز KTA-1732 سے رابطہ منقطع ہوا اور ایمرجنسی رسپانس پلان فعال ہوا، پرواز کے ساتھ کراچی ائیر ٹریفک کنٹرول کا رابطہ اس وقت منقطع ہوگیا جب پائلٹ نے دورانِ پرواز نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دیتے ہوئے ریڈار ویکٹرنگ کے ذریعے رہنمائی کی درخواست کی۔

دستیاب معلومات کے مطابق 16:17 UTC پر پرواز کے کپتان نے کراچی ائیر ٹریفک کنٹرول کو آگاہ کیا کہ انہیں نیویگیشن سے متعلق مسئلہ درپیش ہے اور محفوظ رہنمائی کے لیے ریڈار ویکٹرنگ فراہم کی جائے، اسی وقت کپتان نے یہ بھی اطلاع دی کہ طیارہ رول کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ7 جولائی 2026 کو پاکستانی کارگو طیارہ بحیرہ عرب میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

کارگو طیارے میں 5 افراد سوار تھے جن میں پائلٹ محمد رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل محمود، لوڈماسٹر محمد توفیق، انجینئر عارف صدیقی اور محمد حامد شامل ہیں، جہاز کے تمام عملے کا تعلق کراچی سے ہے۔

,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,

شارجہ سے پاکستان آنے والے نجی کارگو کے لاپتا طیارے کا ملبہ مل گیا۔

طیارے کا ملبہ اوڑمارہ کے ساحل سے 53 نوٹیکل میل جنوب میں ملا، پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی نے سمندر میں 12 گھنٹے سے زائد جاری آپریشن کے دوران لاپتہ طیارے کا ملبہ تلاش کر لیا۔

مزید شواہد اور عملے کے ارکان کی تلاش کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں، ​پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کے بحری اور فضائی اثاثے سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز شارجہ سے پاکستان آنیوالا نجی کارگو طیارہ کراچی کے قریب سمندر پر پرواز کے دوران لاپتا ہوگیا تھا۔

ترجمان پاکستان ائیر پورٹ اتھارٹی( پی اے اے) نے نجی کمپنی کا طیارہ لاپتا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ شارجہ سے کراچی آنے والے نجی کارگو طیارے سے دورانِ پرواز رابطہ منقطع ہوا۔طیارے میں عملے کے 5 افراد سوار تھے۔

پی اے اے کے مطابق رات 9 بجکر 18 منٹ پر، کراچی سے 150 میل جنوب میں فضائی راستے G216 پر طیارے نے نیویگیشن میں خرابی کی اطلاع دی اور رہنمائی کے لیے ہیڈنگ طلب کی۔ طیارے کو موجودہ سمت برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی۔

اسی دوران طیارہ دائیں جانب مڑتا اور تیزی سے بلندی کھوتا دیکھا گیا۔ طیارے کی گرنے کی شرح 15 ہزار فٹ تھی۔ طیارے سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی، لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ رات 9 بج کر 21 منٹ پر، کراچی سے 155 میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY