وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے باعث ملک میں ہونے والے معاشی نقصانات کو ریلیف پہنچانے کے لیے تعمیرات کے شعبے کے لیے پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وائرس سے خطرہ ہے اس لیے عوام بھرپور توجہ دیں۔
اسلام آباد میں صحافیوں کو پیکج سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ‘زراعت کے بعد تعمیرات کا شعبہ ایسا ہے جس میں لوگوں کو روزگار دیا جاسکتا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘تعمیرات ایسی صنعت ہے جس کے ساتھ ساتھ معیشت کا پہیہ چلے گا لیکن ہماری حکومت کی خواہش ہے کہ ہمارے دیہاڑی دار مزدور کو روزگار ملے کیونکہ ہمیں نہیں معلوم کہ دو ہفتے کے بعد کیا ہوگا’۔
انہوں نے کہا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس معاف کردیا اور صرف اسٹیل اور سیمنٹ میں ود ہولڈنگ ٹیکس کو برقرار رکھا گیا ہے جبکہ تعمیرات کے شعبے میں شامل دیگر چیزوں پر ٹیکس معاف کردیا ہے۔
ملک بھر میں تعمیراتی ٹیکس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم صوبوں سے رابطہ کررہے ہیں اور ان سے مل کر سیلز ٹیکس میں کمی لارہے ہیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا نے تمام ٹیکسز 2 فیصد پر لے آئے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘اب سے اگر کوئی خاندان اپنا گھر بیچے گا تو اس پر کیپٹل گین ٹیکس لاگو نہیں ہوگا’۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’30 ارب روپے کے نیا پاکستان اسکیم کے لیے سبسڈی دے رہے ہیں اور اسے آگے بڑھائیں گے’۔












