جنوری 12، 2020
چار پاکستانی طلبا !

سنو
ووہان
تمہارا بہت بہت شکریہ
تم نے
چار پاکستانی بیمار طلبا کو واپس نہیں بھیجا
ان کا خیال رکھا
انہیں تنہا نہیں کیا
تکلیف کی اس گھڑی میں
خود کو اکیلا مت سمجھنا
میں تم سے
ضرور ۔۔۔ ملنے آونگی
# # # #
جنوری 20، 2020
صرف سات دنوں میں !

ووہان !
کچھ سنا تم نے
آج کی خبروں میں ہے
چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے
کورونا سے لڑنے کے لئے
تمہارے شہر کے جیسا
صرف سات دنوں میں
ایک اور ہسپتال بنایئں گے
جس میں ایک ہزار بستر ہوں گے
ڈاکٹرز ، نرسیں اور الایئڈ ہیلتھ کا عملہ ہوگا
علاج ہو گا ۔۔۔۔۔ سب اچھا ہوگا
ووہان !
تم خوش ہو ناں !
# # #
جنوری 23، 2020
قرنطینہ !

ووہان !
تم جانتے ہو ناں
تم پاکستان کے بھائی چین کے حسین شہر ہو
اور ۔۔ میں پاکستانی ہوں ، سڈنی میں رہتی ہوں
تمہیں شاید یاد نہ ہو
میں 2015 میں تم سے ملنے آئی تھی
اور تمہارے شہر کی رونقیں تحفتا ساتھ لائی تھی
ووہان !
تم میرے دل میں بستے ہو
ہائے ۔۔۔۔۔۔۔ تمہارا دکھ بھی سانجھا لگتا ہے
سوچتی ہوں ۔۔۔۔۔ کتنا تم تڑپے ہوگے
جب کورونا نے چاروں طرف سے تمہیں گھیرا ہوگا
اپنی زمین ۔۔۔اپنا آسمان سب سے الگ کرتے ہوئے
تم نے کتنا شور ۔۔۔ کتنا بین کیا ہوگا
تم نے بھی میری ہی طرح سے سوچا ہوگا
یہ ان دیکھا دشمن گھات لگائے کیسے در آیا
میں ڈاکٹر ہوں ووہان ۔۔ تمہارا درد جان رہی ہوں
بے بسی سے تمہاری ہذیانی چیخیں سن رہی ہوں
” کوئی ہے ۔۔۔۔۔۔ کوئی ہے
جو میرے لوگوں کی تشخیص کرے ، دوا دے
انہیں ماسک اور دستانے دے ”
ووہان !
اے چین کے شہزادے
سنو ۔۔۔۔۔۔۔ مشکل بہت گھڑی ہے
وقت کے ساتھ زمین بھی تنگ پڑی ہے
بازاروں میں آٹا ۔۔چاول ۔۔نوڈل ۔۔۔پاستہ سب بک چکا
ووہان !
تم بھی یہی کہنا چاہتے ہو ناں
” میرے لوگو
اپنے دکھ سکھ اور نوالے بانٹ لو
جو بچ سکے ۔۔۔۔۔۔۔ اسے بچا لو
صرف یہ سوچو
ہم سال بھر اگر قرنطینہ میں رہے تو کیا ہوگا ؟ “
# # # #
میں 2015 میں تم سے ملنے آئی تھی
ووہان !
ڈاکٹر نگہت نسیم













