ڈاکٹر نگہت نسیم کی کورونا ڈائری ۔۔ قسط نمبر 5

2
1076

جنوری ,24, 2020

اندیشے !

 

ووہان

 

تم ایک بار پھر خبروں میں ہو
لاک ڈاؤن سے
تمہارے 11 ملین شہری تنہائی کا شکار ہو گئے ہیں
ڈیپریشن میں جا رہے ہیں
تم میری فکر نہ کرو
سڈنی میں کورونا ابھی نہیں پہنچا ہے
اور ۔۔۔۔ لاک ڈاؤن بھی نہیں ہوا ہے
لوگوں کے پاس ابھی وقت ہے کہ سوچیں
اگر سڈنی
ووہان جیسا ہو گیا تو ۔۔۔۔؟
سنو ۔۔ووہان
کیا میرا سڈنی
تم جیسا بہادر ہو سکے گا
لاک ڈاؤن سہہ سکے گا

# # # #

جنوری,25 , 2020

موت کا خوف !

ینگ ہوئی ۔۔۔ میری کولیگ ہے
وہ ہانگ کانگ اپنے نانا سے ملنے گئی تھی
چودہ دنوں کے قرنطینہ کے بعد کام پر آئی ہے
لنچ بریک پر آج وہ بے حد خاموش تھی
سنو ینگ ۔۔۔
آج میلبورن میں
کرونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آیا ہے
جو 19 جنوری کو گونگ زو سے آیا تھا
اور ۔۔۔نیو ساؤتھ ویلز میں
پہلے 3 مریض
ویسٹ میڈ ہوسپٹل میں داخل ہو چکے ہیں
وہ سات روز پہلے ووہان سے آئے تھے
میری آواز پر وہ چونکی ۔۔۔ پر بولی کچھ نہیں
” کیا کورونا وائرس ہتھیاروں کی جنگ سے زیادہ خطرناک ہے ؟ ”
ینگ ہوئی نے مجھے جیسے خالی خالی نظروں سے دیکھا
میرے سوال پر اس کی آنکھیں ڈبڈبا گیئں
وہ بتا رہی تھی
” ووہان ۔۔۔ ہوانگ گینگ ۔۔ اور ایزو جدا ہو گئے ہیں
میرے وطن میں نئے سال کا کوئی جشن نہیں ہوا
پہلے تو لوگ خفا تھے اب اداس ہو گئے ہیں
آہ ! موت کے خوف نے بھوک اڑا دی ہے ”
میں سوچ رہی ہوں
کیا ۔۔۔ ان حالات میں
ہم سب سوچ سکیں گے
بقائے حیات اب کیسے ممکن ہو گی ؟؟

# # # #

جنوری،27، 2020

کورونا کے 30 دن

آج امریکہ میں
پہلا کیس ایسا تشخیص‌ ہوا ہے
جس میں کورونا وائرس
انسان سے انسان کو ملا
ایسا ہی کچھ
جرمنی ، جاپان ، ویتنام کا بھی کہنا ہے
کوئی بھی تو ووہان سے آیا نہ گیا
اف یہ کیسی ان دیکھی جنگ ہے
آج شام کی خبروں میں
ایک ضروری اعلان ہوا
چین سے آنے والوں پر
امریکہ نے
چودہ دن قرنطینہ کی پابندی لگا دی ہے
میرا یقین کہہ رہا ہے
ووہان کو معلوم ہوگا
ناول کورونا وائرس نے
چین کے 20 شہروں میں اپنے پنجے گاڑ دیئے ہیں
دس ہزار لوگوں کی شہہ رگ پر اس کا ہاتھ ہے
ساٹھ ملین شہری جبری لاک ڈاؤن میں ہیں
اب تک 213 شہری دفنائے بھی جا چکے

ووہان ۔۔
گلوبل ویلج آج بڑا مضطرب ہے
ڈبلیو ایچ او کا وبائی گراف دیکھو
کرونا وائرس نے
دنیا کے 21 ملکوں میں اپنا گھر بنا لیا ہے
تیس دنوں میں
دنیا کے ہر شہر سے
انسان اور اس کا حسن کوچ کر رہا ہے

# # #

ڈاکٹر نگہت نسیم

SHARE

2 COMMENTS

  1. کرونا نے پوری دنیا کو اپنے خوف میں مبتلا کر دیا ہے ۔۔ ہم اپنے ان دیکھے دشمن سے بہت سہمے ہوئے اپنے اپنے گھروں میں قید ہو گئے ہیں ۔۔ ڈاکٹر نگہت نے اس تکلیف دہ موضوع پر بہت اچھا لکھا ہے ۔۔

  2. جان عزیز دلشاد

    بہت بہت شکریہ
    افف بہت بہت تکلیف دہ ہے ان دیکھے دشمن کی گھاتیں
    صحت سلامتی کی بے شمار دعایئں

LEAVE A REPLY