امریکا میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد ویت نام جنگ میں مارے گئے امریکیوں سے بھی بڑھ گئی۔
کورونا وائرس سے امریکا میں اموات میں اچانک تیزی سے اضافہ ہوا ہے جہاں مزید ڈھائی ہزار افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد کُل اموات کی مجموعی تعداد تقریباً ساٹھ ہزار ہو گئی ہے۔
امریکی نیشنل آرکائیو کے مطابق ویت نام جنگ میں 58 ہزار 220 امریکی مارے گئے تھے جبکہ امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 59 ہزار 266 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں۔
امریکا میں کورونا سے ایک اور پاکستانی کا انتقال ہوگیا
یہاں اس وائرس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 35 ہزار 765 ہو چکی ہے۔
امریکا کے اسپتالوں میں 8 لاکھ 34 ہزار 261 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 15 ہزار 298 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 1 لاکھ 42 ہزار 238 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر ڈاکٹر فاؤچی کہتے ہیں کہ لاک ڈاؤن ختم کیا تو وائرس کے خلاف جنگ میں امریکا کئی ہفتے پیچھے چلا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ موسم خزاں میں صورتِ حال بہت بری ہوسکتی ہے، جبکہ کورونا وائرس عام زکام سے کئی گنا زیادہ مہلک ہے۔
امریکا کے صدر ٹرمپ نے ایک روز قبل پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد میں کمی آ رہی ہے ۔
دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 31 لاکھ 38 ہزار 413 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 لاکھ 17 ہزار 985 ہو گئیں۔
کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 19 لاکھ 64 ہزار 604 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 56 ہزار 965 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 9 لاکھ 55 ہزار 824 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔












