پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے فاسٹ بولر شعیب اختر اور پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کے درمیان معاملات افہام و تفہیم سے حل کرانے میں کردار ادا کرنے کی پیشکش کردی ہے۔

راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے ایک ویڈیو میں تفضل رضوی پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے ان کی وکالت پر سوالات اٹھائے تھے جس کے بعد پی سی بی کے قانونی مشیر نے شعیب اختر کو قانونی نوٹس بھجواتے ہوئے دس کروڑ ہرجانے کا دعویٰ کردیا تھا۔

معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ شعیب اختر پاکستان کے بہترین بولرز میں سے ایک اور ٹیم کیلئے میچ ونر رہے ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ شعیب اختر کہہ چکے ہیں کہ وہ وکلا برادری اور قانون کا احترام کرتے ہیں، جبکہ امید ہے کہ تفضل رضوی کے ساتھ ان کے معاملات افہام و تفہیم سے حل ہوجائیں گے۔

سابق کپتان نے مزید کہا کہ وہ دونوں کے درمیان جاری حالیہ تنازعہ کو ختم کرانے میں بھی اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

دوسری جانب شعیب اختر نے تفصل رضوی کو جواب دینے کیلئے اپنے وکیل ابوذر سلمان نیازی سے صلاح مشورے کے ساتھ ڈرافٹ پر کام شروع کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شعیب اختر آئندہ ہفتے تفضل رضوی کے نوٹس کا جواب بھجوادیں گے۔

SHARE

LEAVE A REPLY