مارچ21, 2020
کوکلا چھپاکی جمعرات آئی جے

یوں لگ رہا ہے
جیسے موت ہمارے ساتھ
” کوکلا چھپاکی جمعرات آئی جے ” کھیل رہی ہے
ہر روز جمعرات کا دن بن جاتا ہے
اور دنیا خوف میں چلی جاتی ہے
جانے آج موت کس کس کی کمر پر
دھپ سے پڑے گی اور اسے دائرہ زیست سے نکلنا پڑ جائےگا
عالمی سطح پر
کورونا وائرس سے وابستہ اموات 10،000 ہو گئیں ہیں
ترکی اور پاکستان میں کیسسز بڑھ رہے ہیں
ایران میں 14،991 انفیکشن اور 853 اموات ہو گیئں
اور۔۔ اس مشکل وقت میں بھی
اس پر لگی معاشی پابندیاں انسانی بنیادوں پر بھی نہ ہٹائی گیئں
مارچ میں کورونا تو جیسے یورپ پر راج کر رہا ہے
اٹلی نے 53،578 میں انفیکشن اور 4،825 اموات کی اطلاع دی تو دل دہل سا گیا
سڈنی ہاربر پر 19 مارچ کو کروز جہاز روبی شہزادی اس کے پانیوں پر اترا تھا
جہاز کے 2،700 مسافروں کو گھر جانے دے دیا گیا
پر وہی غلطی دہرائی گئی جو جاپان نے ڈائیمنڈ کروز کے ساتھ کی تھی
آج پتہ چلا کہ 13 میں سے تین بیمار مسافروں کو کورونا وائرس ہے
نیو ساؤتھ ویلز کے صحت کے حکام کا بوکھلانا بنتا ہے
اب ایک ہی صورت ہے
تمام مسافروں کو ” Self Isolation ”
میں جانا ہوگا
بحری جہاز اس وقت بھی سڈنی کے ساحل پر لنگر انداز ہے
جس میں 1100 افراد پر مشتمل عملہ موجود ہے اور تفتیش جارہی ہے
جانے کب بحری جہاز کو اس کی منزل نیوزی لینڈ جانے دیا جائے
آج شام کی خبروں میں تھا
فلسطین میں بھی دو افراد کورونا کے شکار ہو گئے
سوچ رہی ہوں
اسرایئل سے بھی بڑا کوئی کورونا ہوگا
جو فلسطین کو ڈرا سکے گا ۔۔انہیں شکست دے سکے گا
آدھی صدی سے برپا جنگ نے
فلسطین اسرائیل کو کچھ دیا ہو یا نہ ہو
موت کے خوف سے ضرور آزاد کر دیا ہوگا
موت ہی
ایسا خوف ہے
جو اس وقت پوری دنیا کو لاحق ہے
جس نے
زمین پر بسنے والوں کو
اپنے ہی گھروں میں بندی بنا رکھا ہے
اور ۔۔ کہہ رہا ہے
کوکلا چھپاکی جمعرات آئی جے
جیہڑا اگے پچھے تکے، اوہدی شامت آئی جے
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
مارچ22, 2020
ملین ڈالر سوال

ابھی میں ہوسپٹل پہنچی ہی تھی
ریسپشسنٹ امینڈا وارن نے بتایا
اوپل نرسنگ ہوم سے
جیمس اپنی اپوائنمنٹ کے لئے آیا ہے
اچھا گڈ ۔۔
میں نے اپنا ڈیسک کمپیوٹر کو آن کرتے ہوئے کہا
پر ۔۔ وہ ۔۔امینڈا کی آواز میں تفکر تھا
پر کیا ۔۔۔ کیا ہوا ۔۔۔ جیمس کو ؟
امینڈا بتا رہی تھی کہ 40 سالہ جیمس صبح کے وقت گر گیا تھا
اور ۔۔۔ اب وہ چل پھر نہیں سکتا
سو مجھے اسے دیکھنے کے لئے ٹرانسپورٹ ایمبولینس کے اندر جانا ہوگا
کوئی بات نہیں ۔۔۔۔۔ میں اسے وہیں جا کر دیکھتی ہوں
ٹرانسپورٹ ایمبولینس کی نرس نے مجھے راستہ دیتے ہوئے اندر جانے کو کہا
میں جیمس کو دیکھ رہی تھی
ڈرگس لینے کی وجہ سے اس کے گردے فیل ہو چکے تھے
وہ 2018 سے ہفتے میں تین دن ڈائلسس پر تھا
ماں سے دور اور باپ سے شدید خفا رہتا
اور ستم یہ کہ اسے اتنی ہی کیئر کی ضرورت تھی
اسی لیئے اوپل نرسنگ ہوم میں تھا
اداس چہرہ ۔۔۔ زرد تھا پر کھل کر مسکرا رہا تھا
جیمس نے مجھے بتایا وہ کیسے اور کتنی بار گرا
اور یہ بھی کہ وہ اب اور ڈائلسس نہیں کروانا چاہتا
کیوں بھلا ؟
میرے استفسار پر بولا
وہ آزاد جینا چاہتا ہے ۔۔اپنی مرضی کی سانیس لینا چاہتا ہے
اور ۔۔ سنو ۔۔ جیمس ۔۔۔ وہ تمہارا
ملین ڈالر سوال
جیمس مسکرا دیا ۔۔۔
پوچھو ناں مجھ سے سوال
” کیا آپ درد کی دوا کچھ بڑھا سکتی ہیں ؟ ”
اور میں کہوں ۔۔۔۔
جیمس نے مجھے اشارے سے کچھ اور کہنے سے منع کر دیا
اور ۔۔۔ اپنے سر پر رکھے
میرے دایئں ہاتھ پر اپنا بایاں ہاتھ رکھ دیا
اس کی نیلی آنکھوں کی روشنی پانیوں پر عکس بنا گئی
آج نہیں پوچھوں گا ؟ جیمس نے آنکھیں بند کر لیں
کیوں ۔۔۔۔؟ میں نے ڈرتے ڈرتے سے پوچھا
جیمس کی آواز بڑی مدھم تھی ۔۔مجھے قریب ہو کر سننا پڑا
” میں نے درد سے دوستی کر لی ہے
ڈاکٹر نسیم تھینکس فور ایوری تھنگ”
پھر اس نے الوداعی ہاتھ ہلایا اور میں ایمبولینس سے باہر آگئی
جیمس کہنے کو تو چلا گیاتھا پر یوں جیسے ساتھ ہی آگیا تھا
دوپہر ساڑھے تین بجے زوم پر
جیمس کے کیس پر ملٹی ڈسپلنری میٹنگ ہوئی
نیفرولوجسٹ ، الایئڈ ہیلتھ اور کیئرر اپنی اپنی رائے دے رہے تھے
جیمس کے ڈائلسس نہ کروانے کی خواہش کا سب احترام کر رہے تھے
کہ اچانک ملنے والی خبر نے ہم سب کے ہوش اڑا دیئے
” اوپل نرسنگ ” میں کورونا کی وبا پھوٹ پڑی ہے
اور جیمس ایکبار پھر ہوسپٹل میں ہے
گرنے کی وجہ سے Neck Fracture of Femur
ہوا ہے
سب سے اہم یہ
کورونا ٹیسٹ کے نتیجہ آنے تک اسے کورونا مثبت سمجھا گیا ہے
اور آج ہی میں نے اسے سب سے پہلے دیکھا تھا
اففف اگر اسے کورونا مثبت نکلا تو ۔۔۔۔۔ میرے ہوش گم ہونے کو تھے
ایمبولنس کا تمام عملہ
ڈرگ ہیلتھ یعنی میرا اسٹاف
اور ۔۔۔ جو میں نے آج اس کے بعد جتنے بھی مریض دیکھے
اور ہم سب افراد اس کے بعد جن جن سے ملے
یعنی ہزاروں لوگوں کے ٹیسٹ ، علاج ۔۔اموات
کیا کچھ نہ چشم زدن میں دیکھ لیا
میں خاموش ۔۔۔ نم آنکھوں سے دعاگزار تھی
میرے مالک صرف ایک جیمس کے
کورونا نیگٹو ہونے سے ہزاروں کی صحت جڑ ی ہے
رحم کر دے ۔۔۔۔۔ بس رحم کر دے ۔۔ہم سب پر
اب مجھے یہ تک یاد نہیں آرہا تھا
کہ میں نے جیمس کو
گاؤن ، ماسک ، گلووز پہن کر دیکھا تھا یا نہیں
دل بری طرح سے واہموں کا شکار ہو چلا تھا
خدایا ۔۔۔۔
میرے مریضوں اور مرے دوستوں پر رحم کرنا
شام تک جیمس کا کورونا ٹیسٹ کا رزلٹ آگیا جو نیگیٹو تھا
صد شکر ۔۔ میری آنکھوں میں تشکر کے آنسو تھے
پر ۔۔۔ صد افسوس ۔۔ کچھ ہی دیر بعد
جیمس ہمارے درمیان نہیں رہا
تشکر کے آنسوؤں نے دکھ اور افسوس کے روپ لے لئے
رات گزرتی جا رہی ہے ۔۔۔۔
جیمس کا مسکراتا چہرہ اب مجھے پرسکون نظر آتا ہے
پر ۔۔۔ جیمس
میں بہت اداس ہوں
تمہارا
ملین ڈالر سوال
میرے پاس تنہا رہ گیا ہے !
ڈاکٹر نگہت نسیم













