امریکا نے پُر زور انداز میں شمالی کوریا کی قیادت کو انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ اپنے اعلان کے مطابق ایک بین البراعظمی میزائل کا تجربہ کرنے سے باز رہے۔
امریکی وزارتِ دفاع نے اس کمیونسٹ ملک کے حکمران کِم یونگ اُن پر زور دیا کہ وہ ’ایسی اشتعال انگیزی اور بیان بازی سے گریز کریں، جس سے امن اور استحکام کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہو
امریکی محکمہٴ دفاع نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اُن قراردادوں کی جانب توجہ دلاتے ہوئے، جن میں شمالی کوریا کو واضح طور پر میزائلوں کے تجربوں سے منع کیا گیا ہے، سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔ کِم نے سالِ نو کے موقع پر اپنے خطاب میں اعلان کیا تھا کہ اُن کا ملک عنقریب ایک بین البراعظمی میزائل کا تجربہ کرنے والا ہے۔












