جان یاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کرونا کیسز کی تعداد چھ کروڑ 70 لاکھ سے زائد اور اب تک 15 لاکھ 35 ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور اُن کے وکیل روڈی جولیانی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اتوار کو ایک ٹوئٹ میں کہا کہ نیویارک کی تاریخ کے عظیم میئر اور امریکی صدارتی انتخابات میں مبینہ انتخابی دھاندلی کا مقدمہ لڑنے والے روڈی جولیانی چین کے وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔
صدر ٹرمپ کرونا وائرس کو چین کا پیدا کردہ وائرس قرار دیتے ہیں
یہ واضح نہیں ہے کہ جولیانی کا کرونا ٹیسٹ کب مثبت آیا اور ان میں کرونا کی کیا علامات پائی گئی ہیں۔ البتہ میڈیا رپورٹس کے مطابق 76 سالہ جولیانی کو علاج کے لیے واشنگٹن کے جارج ٹاؤن یونیورسٹی میڈیکل سینٹر میں منتقل کیا گیا تھا۔
گزشتہ ہفتے جولیانی کو مختلف ریاستوں میں ری پبلکن حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں بغیر ماسک لگائے دیکھا گیا تھا۔
جولیانی بھی وائٹ ہاؤس کی اس فہرست میں شامل ہو چکے ہیں جو کرونا وائرس سے شکار ہوئے۔ صدر ٹرمپ بھی اس وبا کا شکار ہونے کے بعد اسپتال میں داخل ہو چکے ہیں













