ملک بھر میں کووِڈ 19 کے بڑھتے ہوئے کیسز اور عوام کی جانب سے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) اور کورونا وائرس کی روک تھام کی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کی رپورٹس پر حکومت نے صرف ان مقامات پر جہاں اس طرح کی خلاف ورزیاں زیادہ ہورہی ہوں لاک ڈاؤن سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بات وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے وزیراعظم کی سربراہی میں کووِڈ 19 کی صورتحال اور عوامی مقامات پر ایس اوپیز اور احتیاطی تدابیر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں شرکت کے بعد ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 30 افراد کے کورونا وائرس کے باعث انتقال کر جانے کے بعد مجموعی تعداد 791 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب سے ایک روز کے دوران سندھ میں 758، پنجاب میں 333، اسلام آباد میں 63، خیبرپختونخوا میں 198، بلوچستان میں 71، گلگت بلتستان میں 7 اور آزاد کشمیر 3 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا متاثرین کی تعداد 35 ہزار 384 سے بڑھ کر 36 ہزار 758 تک جا پہنچی۔

تاہم وزیراعظم کی سربراہی میں ہوئے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان علیانی کی عدم موجودگی نمایاں تھی۔

اجلاس کے حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق اس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر اقتصادی امور حماد اظہر، سینیٹر شبلی فراز، وزیر تحفظ خوراک سید فخر امام، مشیرِ خزانہ ڈاکٹر عبدا لحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، چیئرمین این ڈی ایم اے، وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے کووڈ19 ڈاکٹر فیصل و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شرکت کی۔

اس موقع پر سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ’ہم عوام کو رعایت دے رہے ہیں کیوں کہ مارکیٹس اور مقامات کافی عرصے بعد کھلی ہیں‘۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ انہیں ایسی رپورٹس موصول ہوئی ہیں کہ بہت سے علاقوں میں دکاندار اور عوام، حکومتی ایس او پیز اور ہدایات پر عمل نہیں کررہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY