ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے اعلان کیا ہے کہ عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والے شہریوں پر جرمانہ ہوگا اور جیل بھی ہوسکتی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ ‘اسلام آباد میں تمام عوامی مقامات پر ماسک پہننا، منہ ڈھانپنا اب لازم قراردے دیاگیا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘مارکیٹوں، عوامی مقامات مساجد، پبلک ٹرانسپورٹ، لاری اڈہ، گلیوں، سڑکوں اور دفاتر میں چیکنگ ہوگی’۔

ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا سے متعلق کہا کہ ‘مجسٹریٹ 3 ہزار روپے تک جرمانہ اور دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت جیل بھی بھیجا جا سکتا ہے’۔

قبل ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی ٹوئٹر پرگزشتہ روز پریس کانفرنس میں کیے گئے اعلان کو دہرایا تھا۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کہا تھا کہ ‘پرہجوم مقامات جیسے مساجد، بازار، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریل، ہوائی جہاز میں سفر کے دوران ماسک پہننا اب لازمی قرار دیا گیا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ماسک پہننے سے متعلق اپنی گائیڈ لائنز کا جائزہ لیا اور اس کو پہننا لازمی کردیا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY