راچی کے علاقے لیاری میں 6 منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں ایک خاتوں جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
عمارت لیاری کے علاقے نیا آباد کی لیاقت کالونی میں کھوکھر کچن والی گلی میں منہدم ہوئی، حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوج، رینجرز, پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
ایدھی کے مطابق امدادی ٹیموں نے عمارت کے ملبے سے ایک خاتون کی لاش نکالی ہے جبکہ متعدد زخمیوں کو ایمبولنیس کے ذریعے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کے ملبے سے 3 زخمیوں کو نکالا گیا جبکہ عوام کی بڑی تعداد جمع ہے جس کے باعث امدادی کاموں میں رکاوٹ پیش آرہی ہے۔
ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر کا کہنا تھا کہ لیاری میں منہدم عمارت کے ملبے سے ایک لاش اور تین زخمیوں کو نکال لیا گیا، عمارت خستہ حال ہو جانے کی وجہ سے مکینوں کو نوٹس دیے گئے تھے جس کے بعد کئی خاندان فلیٹس خالی کر کے چلے گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اتوار کی صبح عمارت میں ایک اور دراڑ آئی تھی جس کے بعد عمارت کے کئی گھر خالی ہو گئے تھے۔
ایس ایس پی سٹی نے کہا کہ ملبے میں مزید کتنے لوگ دبے ہوئے ہیں اس بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
حادثے کی خبر ملتے ہی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رہائشی عمارت منہدم ہونے کا نوٹس لیا اور کمشنر کراچی کو فوری طور پر حادثے کی جگہ پر امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کردی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ نے رہائشیوں کی جانیں بچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امدادی کارروائی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
انہوں کہا کہ پہلے امدادی کارروائی مکمل کی جائے پھر اس کی مکمل انکوائری رپورٹ پیش کریں۔












