معروف عالم دین مفتی نعیم کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کر دی گئی ہے۔ مفتی تقی عثمانی نے امامت کرائی۔ جامعہ بنوریہ کے مہتمم گزشتہ شب انتقال کر گئے تھے۔

مفتی نعیم ملک ممتاز مذہبی سکالرز میں شمار کیے جاتے تھے۔ وہ سائٹ ایریا میں واقع جامعہ بنوریہ کے مہتمم تھے۔ انہوں نے کئی اہم معاملات میں ریاست کے حق میں فتوے بھی جاری کیے تھے۔

انہوں نے حال ہی میں کورونا وائرس کے علاج کیلئے پلازمہ کی فروخت کو غیر قانونی اور غیر شرعی قرار دیتے ہوئے فتویٰ بھی جاری کیا تھا۔

مفتی نعیم کے بیٹے مفتی نعمان کا کہنا تھا کہ ان کے والد دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور ہسپتال لے جاتے ہوئے انتقال کر گئے۔ مفتی نعیم کئی روز سے علیل تھے۔ وہ 1955ء میں پیدا ہوئے اور 65 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے۔

صدر مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت ملک کی سیاسی، سماجی اور عسکری شخصیات نے عالم دین مفتی نعیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

………………………

پاکستان کی سیاسی قیادت نے معروف عالم دین مفتی نعیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے مفتی نعیم کے انتقال پر تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ مفتی نعیم نے جامعہ بنوریہ کو عالمی معیار کی درس گاہ بنایا، ان کے انتقال کی خبر پر افسوس اور دکھ ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مفتی نعیم کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ معروف عالم دین نے ہمیشہ مشکل وقت میں حکومت کی مدد کی۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ مفتی محمد نعیم کے انتقال سے پاکستان ایک بڑے عالم دین سے محروم ہوگیا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مفتی محمد نعیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دعا ہے اللّٰہ تعالی مفتی محمد نعیم کے درجات بلند فرمائے اور غمزدہ خاندان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مفتی محمد نعیم کا خلا پر کرنا مشکل ہے۔

صدر مملکت نے ایک بیان میں معروف عالم دین اور جامعہ بنوریہ کراچی کے مہتم مفتی نعیم کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے مفتی محمد نعیم کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ مفتی نعیم اور جامعہ بنوریہ نے مذہبی تعلیم کےلیے قابل قدر خدمات انجام دیں۔

……………..

معروف عالم دین اور مہتم جامعہ بنوریہ مفتی نعیم انتقال کرگئے۔

ترجمان جامعہ بنوریہ کے مطابق مفتی نعیم کو کافی عرصے سے دل کا عارضہ تھا۔

مفتی نعیم 1955 میں پیدا ہوئے اور 65 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے۔

ترجمان کے مطابق مفتی نعیم کی نماز جنازہ اور تدفین کا اعلان جامعہ بنوریہ کی کمیٹی سے مشاورت کے بعد ہوگا۔

ترجمان جامعہ بنوریہ نے مزید کہا کہ مفتی نعیم کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔

SHARE

LEAVE A REPLY