کراچی میں بارش کے بعد آئی آئی چندریگر روڈ، ڈیفنس اور کلفٹن سمیت شہر کے درجنوں علاقے اب بھی زیرِ آب ہیں۔
بارشوں کے باعث ٹریفک کی روانی کے لیے بنائے جانے والے انڈر پاسز پانی سے بھرے ہوئے ہیں، ڈرگ روڈ، ناظم آباد، لیاقت آباد، طارق روڈ، کے پی ٹی اور ہل پارک کے انڈر پاسز میں بارش کا پانی جمع ہے۔
شارعِ فیصل پر جناح اسپتال پل کے نیچے پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔معاشی سرگرمیوں کے مرکز پاکستان کی وال اسٹریٹ آئی آئی چندریگر روڈ پر 2 دن بعد بھی جگہ جگہ پانی موجودہے۔
کراچی میں ہونے والی بارش کے بعد شہر کی مختلف سڑکوں اور علاقوں سے پانی کی نکاسی ہوگئی ہے، تاہم کراچی کا پوش ترین علاقہ ڈیفنس تاحال بارش کے پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔
خیابانِ اتحاد، خیابانِ راحت، خیابانِ شجاعت، خیابانِ محافظ، خیابانِ امیر خسرو ، خیابانِ شاہین، ٹوئنٹی سکستھ اسٹریٹ، اتحاد کمرشل ڈیفنس اور کلفٹن کے علاوہ اولڈ سٹی ایریا اور ایف بی ایریا بلاک ٹو عزیز آباد میں بھی برساتی پانی جمع ہے۔
نیا ناظم آباد میں صورت حال سب سے زیادہ خراب ہے جہاں پھنسے ہوئے افراد کو ایدھی کی کشتیوں کے ذریعے نکالا گیااور محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
ملک کے مالیاتی مرکز آئی آئی چندریگر روڈ سے 20 گھنٹے بعد بھی پانی نہ نکالا جاسکا
منظور کالونی نالے میں گرنے والے ایک نو جوان کی لاش نکال لی گئی۔دوسرا اب تک لا پتہ۔
سرجانی ٹاؤن جیسے غریب مضافاتی علاقے میں ہر طرف پانی سے بھری گلیاں اور محلے نظر آ رہے ہیں۔
نیو کراچی، شفیق موڑ، ملیر، لانڈھی، کورنگی، اورنگی ٹاؤن میں اب تک پانی کھڑا ہے، جبکہ جن علاقوں سے پانی نکل بھی گیا وہاں اتنی کیچڑ ہے کہ چلنا محال ہو رہا ہے۔
کراچی میں بارش کے بعد پاک فوج نے متاثرین کو خوراک اور طبی امداد کی فراہمی کیلئے ایکسپو سینٹر میں ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیا ہے۔












