عراق کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرانس کے صدر عمانوئل ماکروں آج بدھ کے روز بغداد پہنچ گئے۔ یہ ان کا عراق کا پہلا دورہ ہے۔ دورے کا مقصد عراق کی خود مختاری کو یقینی بنانے میں اس کی مدد کرنا ہے جو اس وقت خود کو دو حلیفوں واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی کے بیچ پا رہا ہے۔
ماکروں لبنان کے دارالحکومت بیروت میں دو روز گزارنے کے بعد بغداد پہنچے۔ یہاں وہ چند گھنٹے گزاریں گے اور اس دوران اہم ترین عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔
رواں سال مئی میں مصطفی الکاظمی کے وزیر اعظم بننے کے بعد یہ کسی بھی ملک کے سربراہ کا عراق کا پہلا دورہ ہے۔
سیکورٹی وجوہات کی بنا پر فرانسیسی ایوان صدارت نے آخری وقت میں اس دورے کا انکشاف کیا۔ معلوم رہے کہ عراقی حکام کئی روز قبل اس کا اعلان کر چکے تھے۔
منگل کی شام لبنان کے دورے کے اختتام پر ایک پریس کانفرنس کے دوران ماکروں کا کہنا تھا کہ “میں کل صبح عراق میں ہوں گا تا کہ اقوام متحدہ کے تعاون سے اس ملک کی خود مختاری کی حمایت کے لیے مہم کا آغاز کر سکوں”۔













