وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے تنازع ختم کرنے کیلئے یہ فیصلہ لیا، جس کا ہم احترام کرتے ہیں۔
لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے معاون خصوصی کے عہدے سے مستعفی ہونے جبکہ چیئرمین سی پیک اتھارٹی پر برقرار رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا موقف بھی سامنے آگیا۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم باجوہ پروفیشنل اور ڈیسنٹ آدمی ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ عاصم سلیم باجوہ نے سرکاری طور پر ابھی اپنے مستعفی ہونے کے فیصلے سے آگاہ نہیں کیا۔
شبلی فراز نے کہا کہ عاصم سلیم باجوہ نے شاید حکومت کو، خود کو اور اپنے اہلِ خانہ کو ایسی صورتحال سے گزارنے کے بجائے یہ فیصلہ کیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عاصم سلیم باجوہ نے اس تنازع کو ختم کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا جس کی ہم عزت کرتے ہیں۔












