لاہور موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کے خلاف ملک کے کئی شہروں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ اسلام آباد اور راول پنڈی میں پیپلز پارٹی، ن لیگ، جماعت اسلامی، عوامی ورکرز پارٹی اور ویمن ڈیمو کریٹک فرنٹ کی خواتین کی بڑی تعداد نے مظاہروں میں شرکت کی، مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔
کراچی پریس کلب پر بھی خواتین کے حقوق کے لئے کام کرنے والی مختلف تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرین نے ملک بھر میں بچوں، خواتین اور خواجہ سراؤں کے اغوا، قتل اور زیادتی کے واقعات کی مذمت کی۔
انھوں نے حکومت سے موثر قانون سازی کرنے اور مجرموں کو عبرت ناک سزائیں دینے کا مطالبہ کیا۔
لاہور میں بھی زندگی کے مختلف شعبوں اور تنظیموں سےتعلق رکھنے والے افراد نے شدید احتجاج کیا، ملزمان کو جلد گرفتار کرنے اور سی سی پی او کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر فوری عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا۔
ملتان میں نشتر میڈیکل کالج و یونیورسٹی کے طلبہ اور نشتر اسپتال کے ڈاکٹروں نے احتجاجی ریلی نکالی۔
پشاور پریس کلب کے سامنے سول سوسائٹی، سیاسی پارٹیوں کی خواتین کارکنوں، خواجہ سراؤں اور شہریوں نے احتجاج کیا۔













