پاناما پیپرز کی تحقیقات سے متعلق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا ایک رکن قطر جائے گا، جو شہزادہ حمد بن جاسم کا بیان قلمبند کرے گا۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے ایک رکن کو قطر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے،جو 6جولائی کو قطر جائیں گے، جہاں قطری شہزادے حمد بن جاسم کا بیان قلمبندکیا جائے گا۔
قطری شہزادےحمدبن جاسم نےجےآئی ٹی کوقطر میں بیان رکارڈ کرانےکی حامی بھررکھی ہے
پاناما کیس پر جے آئی ٹی نے قطری شہزادے حمد بن جاسم کو سوالنامہ فراہم کرنے سے انکار کر دیا،جے آئی ٹی کی جانب سے شیخ حمد بن جاسم کو 22 جون کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ بیان ریکارڈ کرانے سے پہلے کوئی سوال نامہ نہیں دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کی جانب سے22 جون کو شیخ حمد بن جاسم کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے خط لکھا گیا، خط میں کہا گیا کہ جے آئی ٹی 29 یا 30 جون کو دوحہ آسکتی ہے اور تحقیقات کا عمل دوحہ میں پاکستانی ہائی کمیشن میں ہو گا۔بیان ریکارڈ کرانے سے پہلے کوئی سوالنامہ نہیں دیا جائے گا اور تحقیقات انگریزی زبان میں کی جائیں گی۔
جے آئی ٹی کے خط میں مزید کہا گیا کہ درستگی کے لیے بیان کی ریکارڈنگ کی جائے گی، بیان ریکارڈ کرانے کے دوران وکیل، اکاؤنٹینٹ یا کوئی اور شخص موجود نہیں ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حمد بن جاسم نے جے آئی ٹی کو بیان سے قبل سوالنامہ فراہم کرنے کے لیے کہا تھا۔
یاد رہے کہ رواں برس 20 اپریل کو سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیتے ہوئے پاناما لیکس کیس کے فیصلے میں کہا تھا کہ ایف آئی اے کے سینئر ڈائریکٹر کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی جائے گی جو 2 ماہ میں اپنی تحقیقات مکمل کرے گی، جبکہ جے آئی ٹی کو ہر 2 ہفتے بعد سپریم کورٹ کے بینچ کے سامنے اپنی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔
اس کے بعد 6 مئی کو سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الحسن پر مشتمل تین رکنی خصوصی بینچ نے جے آئی ٹی میں شامل ارکان کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔
جے آئی ٹی کا سربراہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل واجد ضیاء کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ دیگر ارکان میں ملٹری انٹیلیجنس (ایم آئی) کے بریگیڈیئر کامران خورشید، انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) کے بریگیڈیئر نعمان سعید، قومی احتساب بیورو (نیب) کے گریڈ 20 کے افسرعرفان نعیم منگی، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے بلال رسول اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے عامر عزیز شامل ہیں۔













