رمِ خیال تجھے اور بھاگنا ہے ابھی!
ہماری شب کے مقدر میں جاگنا ہے ابھی!
کہیں نہ یاس مرے حوصلوں کو شل کردے
رجا و بیم کی دوری کو پاٹنا ہے ابھی !
وہ میرے ساتھ شریکِ سفر ہے یا یہ بھی
نفس نفس میں بھرا کوئی واہمہ ہے ابھی!
خموش گر ہے سمندر تو یہ خیال رہے
بلائے موج کی چیخوں کا سلسلہ ہے ابھی!
شکستہ دل رہِ پرخوف سے نہ ہو یکسر
گماں کے دشت کے آگے بھی راستہ ہے ابھی!
نظر چرانے لگا ہے بدن حقیقت سے
وصالِ روح بھی جیسےکوئی سزا ہے ابھی!
نہ جانے کس کے تعاقب میں ہیں مری سانسیں
تماشا زیست کا ہر لمحہ بے مزہ ہے ابھی!
زمانہ کہتا ہے دنیا سے کچھ تو کہتا پھرے
کسی کے عشق میں جوگن سی سعدیہ ہے ابھی!
سعدیہ صدف













