حُسین شناسی کا سفر۔45۔ طویل عزائی نظم ، ڈاکٹر نگہت نسیم

0
835

قسط پنتالیس

شبث ابن ربعی ، جو پہلے مولا علی ع کا حامی تھا
اب کوفہ کی فوج میں
ابن زیاد کے پیادہ فوج کی سربراہی میں تھا
جب اسے حملہ کرنے کا حکم دیا گیا
تو
اس نے انکار کر دیا
جس پر
دوسرے گھڑسوار اور 500 تیراندازوں نے
لشکر حسین کے گھڑسواروں پر
تیروں کی برسات شروع کردی
جس سے گھوڑوں کی ٹانگیں کٹ گئیں
اور وہ
پیدل لڑنے پر مجبور ہوگئے
اب حسین اور ہاشمی صرف سامنے سے ہی آگے بڑھ سکتے تھے
اور عمر بن سعد نے
اپنی فوج کو حکم دیا
کہ
وہ ہر طرف سے حسین کے خیموں تک جائیں
لیکن
حسین ع کے کچھ حامی خیموں کے درمیان چلے گئے
اور لڑائی کی اور ضد کے ساتھ ان کا مقابلہ کیا
ابن سعد نے حکم دیا
کہ
خیموں کو نذر آتش کیا جائے
ابتدا میں  اپنی فوج کو حکم دیا
کہ 
وہ ہر طرف سے حسین کے خیموں تک جائیں
لیکن
حسین ع کے کچھ حامی خیموں کے درمیان چلے گئے
اور لڑائی کی اور ضد کے ساتھ ان کا مقابلہ کیا
اس آگ نے حسین ع کے حق میں کام کیا
کیونکہ
آگ عمر بن سعد کے لشکریوں کو خیام میں داخل ہونے سے روکتی تھی
شمر عورتوں کے خیموں کو جلا دینا چاہتا تھا
لیکن
اس کے ساتھیوں نے اسے سرزنش کی اور اسے ہار ماننی پڑی
اسی دوران لشکر امام ع کے 7 افراد کا محاصرہ کر دیا گیا
تو
عباس علمدار ع نے
ان محاصرہ کرنے والوں کو شکست دی
دوپہر کا وقت ہوگیا
لڑائی اب بھی جاری تھی
اذان ظہر کا وقت ہوا تو امام حسین ع نے فرمایا
کہ
لشکر یزید سے کہو
کہ
نماز ظہر کیلئے جنگ روک دے
لشکر یزید کی طرف سے کسی نے کہا
“ انکی نماز قبول نہیں ہوگی “
جناب حبیب ابن مظاہر نے فرمایا
کہ
اے جاہل
مجھے یہ بتاؤ
کہ ۔۔ کیسے
تمہاری نماز قبول ہوگی اور فرزند رسول اللہ امام حسین ع کی نماز قبول نہ ہوگی ؟
یہ کہہ کر
لشکر یزید سے لڑنے کیلئے
میدان میں چلے گئے
یہ وہی حبیب ابن مظاہر اسدی ہیں
جو قبیلہ بنو اسد میں سے اور کوفہ کے باشندے تھے
اور حضرت علی علیہ السلام کے خاص صحابی تھے
جناب حبیب ابنِ مظاہر متقی و پرہیزگار انسان تھے
آپ حافظِ قرآن تھے
صاحبِ حیثیت تھے پر مال و دولت سے رغبت نہ رکھتے تھے اور امان ناموں کو اہمیت نہیں دی۔
واقعہ کربلا سے قبل
آپ اور جناب مسلم بن عوسجہ نے کوفیوں کو
امام حسین علیہ السلام کی بیعت کرنے پر آمادہ کیا تھا
آپ ہی نے
مسلم بن عقیل کو بھی کوفہ میں خوش آمدید کہاتھا
اور  ابن زیاد جب کوفہ آیا اور لوگوں پر دباؤ ڈالا
تو زیادہ تر کوفیوں نے مسلم بن عقیل کا ساتھ چھوڑ دیا تھا
اس کڑے وقت میں
قبیلہ بنو اسد نے حبیب ابن مظاہر اور مسلم بن عوسجہ کو پناہ دی تھی
جہاں انہوں نے خفیہ طور پر بیعت حسین ع لینے کا کام جاری رکھا
امام حسین علیہ السلام نے
کربلا پہنچنے کے بعد
جناب حبیب ابن مظاہر کو خط لکھا
حبیب اور انکی زوجہ رات کا کھانا کھا رہے تھے جب دروازے پر دستک ہوئی
حبیب کے حلق میں نوالہ اٹک گیا
زوجہ نے کہا
“ خدا خیر کرے ۔۔ لگتا ہے کوئی قاصد آیا ہے “
حبیب دروازے پر گئے اور امام کا خط وصول کیا اور کھول کر پڑھا
“ بسم اللہ الرحمن الرحیم
حسین ابن علی (ع) کی طرف سے مرد فقیہ حبیب بن مظاہرکے نام
سلام ہو آپ پر
شاید آپ کو معلوم نہیں
کہ
ہم دو محرم کو مدینہ سے کربلا پہنچ چکے ہیں
میرے ساتھ
اس عالم غربت میں
میرے ایل خانہ اور بچے بھی ہیں
ہمیں چاروں طرف سے دشمنوں نے گھیر لیا ہے
اگر آپ ہماری مدد کرنا چاہتے ہیں
تومحرم کی عصر عاشور سے پہلے پہنچ جایئے
ورنہ
پھر عصر قیامت ملاقات ہوگی
والسلام
حسین ابن فاطمہ از کربلا “
اتنے میں حبیب کے گھر کا دروازہ کھٹکھٹانے کی آواز سن کر
قبیلے والے بھی اس سے آگاہ ہوئے اور سب ارد گرد جمع ہوگئے
اور پوچھنے لگے کہ کیا حسین (ع) کی مدد کیلئے جائیں گے؟
حبیب نے کہا
میں عمر رسیدہ انسان ہوں میں جنگ کیا کروں گا ؟
جب قبیلہ والوں کو آپ کی بات پر یقین ہوگیا
کہ
نہیں جائیں گے
تو
وہ سب مطمئن ہو کر اپنے اپنے گھروں کو چلے گئے
تب آپ کی باوفا بیوی نے کہا
“ اے حبیب !
فرزند رسول (ع) تجھے اپنی مدد کیلئے بلائے
اور تو
ان کی مدد کرنے سے انکار کرے
کل قیامت کے دن رسول اللہ (ص) کو کیا جواب دوگے؟
حبیب چونکہ اپنی بیوی سے بھی تقیہ کررہے تھے
ان سے کہا
اگر میں کربلا چلا گیا
تو
عبید اللہ ابن زیاد اور اس کےساتھی
ہمارے گھر کو خراب کر دیں گے
مال جائیداد کو غارت اور تجھے اسیربنائیں گے
وہ شیر دل خاتون کہنے لگیں
حبیب!
آپ فرزند رسول (ص) کی مدد کیلئے جائیں
میری ،گھر اور جائیداد کی فکر نہ کریں
بس ۔۔۔۔ خدا کا خوف کریں
حبیب نے دوبارہ زوجہ کو آزمانے کے لیے کہا
اے خاتون!
کیا تم نہیں دیکھ رہی ہو
کہ
پچھتر سال کا بوڑھا ہوچکا ہوں، تلوار اٹھانے کی طاقت نہیں رکھتا
اس مومنہ کی غم وغصہ کی انتہا نہ رہی۔۔روتی رہی
اور اپنی چادر اتار کر حبیب کے سر پر اوڑھا دی اورکہنے لگی
اگر تم نہیں جاتے ہو
تو عورتوں کی طرح گھر میں رہو!
اور دلسوز انداز میں فریاد کی
“ یا ابا عبداللہ
کاش میں مرد ہوتی اور آپ کے ہم رکاب جہاد کرتی “
جب حبیب نے اپنی بیوی کا خلوص دیکھا
یقین ہوگیا
کہ یہ دل سے کہہ رہی ہے
تو فرمایا
اے ہمسر!
خدارا نہ رو ۔۔۔ میں تیری آنکھوں کی ٹھنڈک بنوں گا
اور تیرے سارے ارمان پورے کروں گا
اور میں حسین(ع) کی نصرت میں
اپنی اس سفید دا ڑھی کو اپنے خون سے رنگین کروں گا
حبیب جانتے تھے کوفہ کے خارجی راستوں پر پہرہ تھا
لیکن وہ اور مسلم بن عوسجہ خفیہ طور پر کوفہ سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے
وہ دن کی روشنی میں
ابن زياد کے جاسوسوں اور گماشتوں کی نظروں سے کہیں چھپ جاتے
اور راتوں کو سفر کرتے تھے
حتی
کہ
امام حسین ع کی لشکر گاہ تک پہنچ گئے
اس وقت
امام حسین علیہ السلام
اپنے اصحاب میں تلواریں تقسیم کر رہے تھے
ایک تلوار بچ گئی
آپ علیہ السلام اسے ثیقل کرنے لگے
کسی نے پوچھا کہ یہ تلوار کس کے لئے ہے
تو
امام ع نے فرمایا
“یہ تلوار میرے دوست حبیب ابن مظاہر کے لئے ہے“
اس پر اس نے کہا
کہ
وہ تو یہاں موجود نہیں
امام ع نے فرمایا
کہ
“ مجھے یقین ہے
کہ
میرا دوست ضرور آئے گا “
آپ کا یہ کہنا تھا
کہ
جناب حبیب ابن مظاہر تشریف لے آئے
حبیب اور مسلم بن عوسجہ سات محرم کو کربلا پہنچے تھے
دس محرم کے دن
آپ کو میسرہ (بائیں بازو) کے لشکر کی کمان دی گئی
یوم عاشور
آپ نے 62 دشمن واصل نار کیے
اور
بدیل ابن حریم عفقائی کی تلوار کی ضرب سے گھائل ہوئے
اور حصین بن نمیر نے تلوار کا وار کیا
جو آپ کے سر مبارک پر لگی
آپ کی ریش مبارک خون سے تر بتر ہو گئی اور آپ شہید ہوگئے
روز عاشور
امام حسین ع نے پہلی مرتبہ
جناب حبیب ع کی شہادت پر گریہ کیا
اور آسمان کی طرف رخ کر کے فرمایا
” یا اللہ !
میرا حبیب چلا گیا
میرا دوست شہید ہوگیا
آپ نے حبیب کی شہادت کا حساب لینا ہے “

السلام علیک یا حبیب ابن مظاہر الاسدی

آپ پر سلام ہو حبیب کہ آپ نے نواسہ رسول حسین کے حبیب ہونے کا ثبوت دیا

عمر رسیدہ ہونے کے باوجود آپ اپنے بچپن کے دوست کی مدد کو پہنچے

السلام علیک یا حبیب ابن مظاہر کہ اللہ کے رسول

انکی خاتون جنت بیٹی اور نفس رسول علی علیہ السلام

بے شک آپ سے راضی ہوئے

جاری ہے

SHARE

LEAVE A REPLY