(لاہور سے کاشف غوری)
ریڈیو پاکستان لاہور نہایت دکھ کے ساتھ یہ اعلان کرتا ہے کے معروف براڈکاسٹر اور ساؤنڈ ایفیکٹس مین ”خورشید علی” صاحب آج شام لاہور میں انتقال کر گئے۔
انا اللہ وانا الیہ راجعون۔
خورشید علی صاحب طویل عرصے سے ذیابطیس اور دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔ آپ ریڈیو پاکستان کے لیجنڈ صداکار اور ریڈیو ڈراموں کا ایک معتبر حوالہ تھے۔ آپ ریڈیو ڈراموں، فیچرز اور دیگر اصناف کی پروڈکشن، صوتی تاثرات اور تدوین پر کمال مہارت رکھتے تھے۔ خورشید علی صاحب نے اپنے فنی سفر کا آغاز ریڈیو پاکستان بہاولپور سے کیا۔ انہوں نے ریڈیو اناؤنسمنٹ سے لے کر براڈکاسٹنگ کے تمام شعبوں میں کام کیا اور نمایاں مقام حاصل کیا۔ فن سے دلی لگاؤ انہیں بہاولپور سے لاہور لے آیا جہاں آتے ہی انہوں نے ریڈیو پاکستان لاہور میں بطور صداکار اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا۔ خورشید علی صاحب نے ٹیلیوژن اور اسٹیج پر بھی یکساں مقبولیت حاصل کی۔ پی ٹی وی کے معروف ڈرامے اندھیرا اجالا اور اس جیسے کئی نامور ڈراموں میں انہوں نے نہایت جاندار کردار ادا کئے۔ اسٹیج پروگراموں کی کمپئیرنگ اور کمرشل وائس اوور آرٹسٹ کے طور پر بھی انہوں نے بے شمار کام کیا۔ انہوں نے پاکستان اور بیرونِ ملک کئی کامیاب شوز کئے جن کے ذریعے خورشید علی صاحب نے دنیا بھر میں ریڈیوپاکستان کا نام روشن کیا۔ خورشید علی صاحب نے ریڈیو ڈرامے کے ساتھ ساتھ ریڈیو فیچرز، دستاویزی پروگراموں اور دیگر اصناف میں لازوال پروڈکشنز کیں جنہیں بجا طور پر ریڈیو پاکستان لاہور کا اثاثہ کہا جاسکتا ہے۔ آج بھی ریڈیو پاکستان لاہور کا آواز خزانہ ان کی خوش کن آواز میں ریکارڈ ہوئے فیچرز، دستاویزی پروگراموں، بے مثال ڈراموں اور ان کے تدوین شدہ پروگراموں سے بھرا پڑا ہے۔ خوشید صاحب کو انکی صلاحیتوں کے اعتراف میں مقامی اور بین الاقوامی سطح پر کئی اعزازات سے نوازا گیا۔ 2018میں ریڈیو پاکستان لاہور نے براڈکاسٹنگ کے شعبے میں انکی لازوال خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں خصوصی اعزاز ” اعتراف فن” سے نوازا۔
ریڈیو پاکستان کیلئے انکی 45سالہ خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ریڈیو ہاکستان لاہور ان کی گراں قدر خدمات کا تہہ دل سے معترف ہے اور اللّٰہ کریم کے حضور خورشید علی صاحب کی مغفرت کے لیے دعاگو ہے۔۔۔ آمین۔۔












