سندھ حکومت نے بڑا یوٹرن لیتے ہوئے مولانا عادل خان کی شہادت کے بعد موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹیفکیشن بارہ گھنٹے بعد ہی منسوخ کر دیا۔
تفصیل کے مطابق سندھ حکومت نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد پابندی ہٹا ہے۔ سندھ حکومت نے آج دوپہر کو پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ سیکیورٹی خدشات پر ایک ماہ کیلئے ڈبل سواری پر پابندی لگائی گئی تھی۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن میں بتایا گیا تھا کہ یہ پابندی ایڈیشنل آئی جی کراچی کی سفارش پر لگائی گئی تھی۔ اس پابندی سے خواتین، بچوں اور بوڑھوں کو مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا۔
اس پابندی کا اطلاق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور صحافیوں پر بھی نہیں تھا۔ تاہم ڈبل سواری کی صورت میں متعلقہ اہلکاروں کو سروس کارڈ اور صحافیوں کو پریس کارڈ اپنے پاس رکھنے کا کہا گیا تھا۔
سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ اس پابندی سے امن وامان کی فضا برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔












