خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر میں نامعلوم مسلح افراد نے افغانستان میں نیٹو افواج کے لیے سپلائی لے جانے والی گاڑیوں پر حملہ کیا اور فائرنگ کے بعد 2 کنٹینرز کو آگ لگا دی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام موقع پر پہنچ گئے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور آگ پر قابو پالیا۔

خیبر پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعہ نماز جمعہ کے وقت خیبر کی تحصیل باڑہ فرینٹر روڈ پر عزیز پلازہ کے قریب پیش آیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ چند نامعلوم افراد نے نیٹو کی دو کنٹینرز کو روکا، ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کو باہر نکالا اور پیٹرول چھڑک کر انہیں آگ لگادی جس سے نیٹو کی چار بکتر بند گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) خیبر محمد اقبال نے کہا کہ ابھی حملے کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہے، جبکہ مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

خیبر پولیس کے ایک سینئر افسر نے ڈان سے بات کرتے ہوئے واقعے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY