امریکہ کے بیشتر ذرائع ابلاغ نے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ریاست پینسلوینیا میں جو بائیڈن کی فتح رپورٹ کر دی ہے۔
ریاست پینسلوینیا کے نتائج کے بعد اب تک 45 ریاستوں اور دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کا اعلان ہوچکا ہے۔
ان ریاستوں کے نتائج کے مطابق جو بائیڈن نے 273 الیکٹورل ووٹ حاصل کرلیے ہیں۔
امریکہ میں رائج انتخابی نظام کے تحت صدر کا انتخاب پاپولر ووٹوں کے بجائے الیکٹورل کالج کے ذریعے کیا جاتا ہے اور کسی بھی امیدوار کو صدر منتخب ہونے کے لیے الیکٹورل کالج کے 538 ووٹوں میں سے کم از کم 270 ووٹ درکار ہوتے ہیں۔
پانچ ریاستوں – نارتھ کیرولائنا، جارجیا، ایریزونا، نیواڈا اور الاسکا – ووٹوں کی گنتی تاحال جاری ہے۔ ان ریاستوں میں سے بھی جارجیا، ایریزونا اور نیواڈا میں جو بائیڈن کو اپنے ری پبلکن حریف صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر برتری حاصل ہے۔
کامیابی کے بعد جو بائیڈن کے حامیوں کا امریکہ بھر میں جشن۔
کاملا ہیرس امریکی تاریخ کی پہلی خاتون نائب صدر منتخب۔
جو بائیڈن 20 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے













