پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مراد سعید نے آڈیو بیان جاری کر دیا۔

ٹوئٹر پر جاری آڈیو بیان میں مراد سعید نے کہا کہ جب دہشتگردی کی جنگ شروع ہوئی تب میری عمر 18 سال تھی، ہم بےگھر ہوئے اور ماں زندہ لاش بن گئی، بڑا بھائی نیشنل کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے کا خواب دیکھتا تھا اس کا مستقبل تاریک ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ پردہ دار بہنوں کو راشن کے لیے لائنوں میں لگتے دیکھا اور پردیس میں والد روتے تھے جس گھر کو بنایا وہ مٹی کا ڈھیر ہو گیا، ہماری زبانوں پرشکوہ تک نہیں آیا، کبھی پاکستان کا برا نہیں چاہا، ہم نے ٹکڑے سمیٹے اور اپنے شہروں کی تعمیر میں لگ گئے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آج ہم پر دہشتگردی اور غداری کے فتوے لگاتے ہیں، یہ لوگ کون ہیں؟ پی ڈی ایم نے پہلے پروگرام میں پاکستان اور پاکستانی اداروں کے بارے میں زہر اگلا، یہ سارے ہمیں حب الوطنی کا درس دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری پر ملک میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے واقعات کے بعد تحریک انصاف کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا گیا جس کے بعد سے مراد سعید روپوش ہیں۔

………………………………………

سوات میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کی رہائشگاہ پر پولیس اور ایلیٹ فورس نے چھاپا مارا، تاہم چھاپے کے وقت مراد سعید گھر پر موجود نہیں تھے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر کے گھر پر چھاپے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آگئی ہیں، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لاک نہ کھلنے پر اہلکار دروازہ پھلانگ کر گھر میں داخل ہوتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق رہنما تحریک انصاف مراد سعید کی غیر موجودگی پر اہلکار واپس روانہ ہوگئے۔

واضح رہے تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری، شیریں مزاری، فردوس شمیم نقوی اور علی زیدی سمیت کئی رہنما گرفتار ہوچکے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY