صحرائے عرب سے اٹھنے والی بے مثل و بے لوث رفاقت کی ایک ایسی لازوال داستان جو رہتی دنیا تک گلوبل ولیج کا حصہ رہے گی
خدیجہ بنت خویلد کا تعلق قریش مکہ کے ایک معزز و متمول گھرانے سے تھا گو کہ مال ودولت آپ کو وراثت میں ملا تھا مگر آپ خود بھی ایک کامیاب کاروباری شخصیت تھیں مردوں کے معاشرے میں انتہائی کامیابی سے ایکسپورٹ امپورٹ کا وسیع کاروبار چلارہی تھیں اپنا سامان تجارت اونٹوں کے ذریعے یمن اور شام کے ممالک بھیجا کرتی تھیں جو کہ آج سے چودہ سو سال پہلے ایک خاتون کے لیے بہت مشکل تھا آج کے دور کے حساب سے دیکھا جائے تو آپ سلام اللہ علیہا ایک بہت بڑی ٹریڈنگ کمپنی چلا رہی تھیں جس کے لیے آپ بہترین سٹاف کی تلاش میں رہتی تھیں
آپ کو اس دور کی کامیاب تاجر کہا جاسکتا ہے کیونکہ سیدہ کو ملکہ عرب اور ملکہ تجار کے خطابات سے نوازا گیا تھا
ممتاز کاروباری شخصیت ہونے کے ساتھ آپ کی شہرت علاقے میں طیبہ اور طاہرہ کی بھی تھی اور علاقے میں بہت اثر ورسوخ رکھتی تھیں
رسول خدا بھی اسوقت تجارت کے پیشے سے وابستہ ہو چکے تھے آپ کی نیک نامی اور اچھی شہرت کے باعث قبیلہ قریش کی اس معزز خاتون نے محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنے تجارتی قافلے کی سر براہی کی پیشکش کی جسے انہوں نے قبول کر لیا اس دوران جناب سیدہ آپ کے اعلیٰ اخلاق ،بلند کردار ،محنت ،امانت ،دیانت اور صداقت جیسے اوصاف حمیدہ سے اتنی متاثر ہوئیں کہ ان کو شادی کا پیغام بھجوادیا جبکہ اس سے پہلے آپ شادی کی کئی پیشکشیں ٹھکرا چکی تھیں
اس وقت ان کی اپنی عمر چالیس اور حضرت محمد کی پچیس سال تھی
اپ نے اپنے سر پرست اعلیٰ چچا حضرت ابو طالب سے مشورہ کیا ۔ وہ بہت خوش ہوئے نکاح بھی خود پڑہایا اور نکاح کے خطبہ میں فرمایا
ہم وہ ہیں جن کو اللہ تعالیٰ نے ابراہیم اور اسماعیل کی نسل میں رکھا ہے ۔ہم وہ ہیں جن کو اللہ رب العزت نے بیت اللہ کی حفاظت اور خدمت کا شرف عطا کیا ہے میرا بھتیجا محمد اس جیسا کوئی نوجوان نہیں اس کا کوئی ثانی نہیں گو کہ اس کے پاس مال کم ہے مگر مال ڈھلتی چھاؤں ہے یہ پھرتا رہتا ہے بے وفا چیز ہے ہر ایک کے پاس نہیں ٹہرتا لیکن جو کچھ میرے بھتیجے کے پاس ہے اس کی کوئی مثال نہیں اور جو آگے اس کو ملنے والا ہے وہ بھی بے مثال بے نظیر ہے ۔
نکاح کے بعد آپ نے ایک خاندانی رئیس زادی ہونے کے باوجود جان نثار کنیز کی طرح اپنے خاوند کی جی جان سے خدمت کی ۔ انہیں کبھی کوئی تکلیف نہیں ہونے دی اپنی ساری دولت قریش کے چند بڑے سرداروں کے سامنے یہ کہہ کر محبوب شوہر کے حوالے کردی کہ
آپ سب لوگ گواہ رہیں کہ میں نے ساری دولت محمد کے حوالے کی وہ جیسے چاہیں اسے خرچ کریں
جناب خدیجہ کی شادی جب پیغمبر اسلام سے ہوئی تھی انہوں نے نبوت کا اعلان نہیں کیا تھا
جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دین اسلام کے پیغام کی شروعات کیں تو زبردست مخالفت ہوئی
مختلف خداؤں کو ماننے والے معاشرے میں وہ ایک خدائے واحد کا پیغام دے رہے تھے ایسا تو ہونا ہی تھا تب سونے کا چمچ منہ میں لے کر پیدا ہونے والی وفا شعار بیوی نے رسولِ خدا کی خاطر ہر طرح کی تکالیف برداشت کیں مصائب میں ان کا حوصلہ بڑھایا ، غمگساری ودلجوئی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی
غار حرا کی مشکل چڑہائی چڑھ کر شوہر کو کھانا پہنچانا ہو یا شعب ابی طالب کی گھاٹی میں اہل خانہ کے ساتھ تین سالہ محصوری کی مصائب ومشکلات ہوں آپ کبھی حرفِ شکایت زبان پر نہیں لائیں صبر و استقامت سے حالات کے جبر کا مقابلہ کرتی رہیں
آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بھی حضرت خدیجہ سے بے پناہ محبت تھی ۔ ان کی زندگی میں آپ نے کوئی دوسرا نکاح نہیں کیا حالانکہ اس معاشرے میں مرد کئی کئی شادیاں کیا کرتے تھے
آپ نے فرمایا
خدیجہ وہ ہیں جو مجھ پر اس وقت ایمان لائیں جب لوگ میرا انکار کر رہے تھے انہوں نے اس وقت میری تصدیق کی جب لوگ مجھے جھٹلا رہے تھے جب لوگ مجھ سے اپنا مال چھپا رہے تھے تب خدیجہ مجھ پر مال نچھاور کرتی تھیں
ربع صدی یعنی 25 سالوں پر مشتمل مہرو محبت کا یہ انمول ساتھ ماہ رمضان کی دس تاریخ کو حضرت خدیجہ کے انتقال سے ٹوٹ گیا کچھ دن پہلے ہی چچا حضرت ابو طالب انتقال فر گئے تھے یکے بعد دیگرے دو ہمدرد وغمگسار ہستیوں کے دنیا سے کوچ کر جانے پر اس سال کو حضور نے
عامل الحزن یعنی غم کا سال قرار دیا
ہمیشہ سیدہ کی تعریف وتوصیف فرماتے
اے خدیجہ تم امہات المومنین میں سب سے بہتر اور بافضیلت ہو
بی بی سی کی ڈاکیومنٹری کی ایک مورخ ہیٹنی ہیوز کے مطابق
حقیقت میں ان (سیدہ خدیجہ) کی کاروباری ذہانت نے انہیں اس راستے پر ڈالا جس نے آگے چل کر دنیا کی تاریخ بدل دی
بظاہر تو یہ ازدواجی تعلق پچیس برسوں پر محیط تھا ۔ مگر زندگی کے بقیہ تیرہ برس سیدہ خدیجہ کی یادوں کی رفاقت ہمیشہ پیغمبر اسلام کے ساتھ رہی
فتح مکہ کے موقع پر بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم نے چچا حضرت ابو طالب اور زوجہ محترمہ خدیجہ کی آخر ی آرامگاہ پر قیام فرمایا آپ فاتح مکہ تھے اس موقع پر بہترین گھر آراستہ ہوسکتے تھے خود سرکار کے والد گرامی حضرت عبداللہ اور دادا عبدالمطلب والے گھر موجود تھے مگر آپ نے دونوں عظیم ہستیوں کی قبور پر یہ اہتمام کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا
ای ۔ کامرس کے اس ترقی یافتہ دور میں بھی سیدہ خدیجتہ الکبریٰ کاروباری دنیا سے وابستہ خواتین کے لیے ہیرو کا درجہ رکھتی ہیں
ان کے بہترین رفیقہ حیات ہونے کے بارے میں تو کیا کہنا کہ خود شریکِ سفر نے مہر تصدیق ثبت کر دی اور شریکِ سفر بھی کون جو خود خاتم النبیین ہو













