آکلینڈ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 154 رنز کا ہدف دیا جو کیوی بلے بازوں نے 18 اعشاریہ 5 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

نیوزی لینڈ کی اننگ کا آغاز بھی زیادہ اچھا نہ تھا، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے مارٹن گپٹیل کی وکٹ8 کے مجموعی اسکور پر حاصل کی، شاداب خان نے ان کا کیچ لیا۔

کیویز کی دوسری اور تیسری وکٹ حارث روف کے حصے میں آئی ، انہوں نے 21 کے مجموعی اسکور پر 5 رنز بنانے والے ڈیون کانوےکا اپنی ہی بال پر کیچ لیا جس کے بعد 65 کے اسکور پر 23 رنز بنانے والے فلپ کو آؤٹ کیا۔

میزبان ٹیم کی چوتھی وکٹ وکٹ شاہین شاہ اور پانچویں وکٹ حارث روف کے حصے میں آئی۔

پاکستان کی جانب حارث نے 29 رنز دے کر3 اور شاہین نے 27 رنز کے عوض 2 وکٹ حاصل کیے، وہاب ریاض نے کوٹہ اوورز میں 45 رنز دیئے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ابتدائی 4 کھلاڑیوں کے محض 20 رنز کے اسکور پر پویلین لوٹ جانے کے بعد کپتان شاداب خان اور فہیم اشرف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔

پاکستان کےنام کھلاڑی کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ 4 کھلاڑی ڈبل فیگر اسکور میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

پاکستان کی جانب سےمحمد رضوان اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا اور 8 کے مجموعی اسکور پر عبداللہ کھاتہ کھولے بغیر ڈیبیو کرنے والے بولر ڈفی کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیرئیر کی پہلی وکٹ بنے۔

قومی ٹیم کی دوسری، تیسری اور چوتھی وکٹ 20 کے مجموعے پر گری جس میں رضوان 17، حیدر علی 3 اور تجربہ کار حفیظ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔پاکستان کا اسکور جب 39 رنز پر پہنچا تو پانچویں وکٹ پر خوشدل شاہ 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور یوں نویں اوور میں آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

اس کے بعد کپتان شاداب خان کا ساتھ دینے کیلئے عماد وسیم آئے مگر وہ بھی زیادہ مزاحمت نہ کرسکے اور 79 کے مجموعی اسکور پر 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ساتویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے فہیم اشرف آئے تو انہوں نے جارحانہ انداز اختیار کیا اور ٹیم کا اسکور 114 رنز تک پہنچا دیا۔

کپتان شاداب خان نے 32 بالز پر 42 رنز کی اننگ کھیلی اور اننگ کے ٹاپ اسکورر رہے۔

پاکستان کی گرنے والی آٹھویں وکٹ شاداب خان کی تھی جس کے بعد وہاب ریاض بھی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اننگ کے آخری اوور میں فہیم اشرف18 بالز پر 31 رنز کی جارحانہ اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی 10 رنز اور حارث روف بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں پاکستان نے مقررہ 20 اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز اسکور کیے اور نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 154 رنز کا ہدف دیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے ڈفی نے 4 اوور میں 33 رنز دے کر 4 وکٹ حاصل کیے، جبکہ اسکوٹ کوگلیجن نے 3 ، سودھی اور بلیئر ٹکنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان کے کپتان شاداب خان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔

ٹاس جیتنے کے بعد کپتان شاداب خان نے کہا کہ پچ بہت اچھی لگ رہی ہے اس لئے پہلے بیٹنگ کریں گے، ہم نے اچھی تیاریاں کی ہیں یہ پرفارمنس دکھانے کا وقت ہے۔

شاداب نے کہا کہ اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کیلئے نوجوان کھلاڑیوں کے پاس یہ ایک اچھا موقع ہے۔

دوسری جانب کیوی ٹیم کے کپتان مچل کے کہا کہ پاکستان کے خلاف اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے ،انہوں نے بتایا کے ٹیم میں جیکب ڈفی آج اپنا ڈیبیو کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیمیں سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں آج آکلینڈ میں مدمقابل ہیں، میچ سے قبل گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے آخری تیاریوں کے طور پر بھرپور پریکٹس سیشن کیا تھا۔

SHARE

LEAVE A REPLY