برطانیہ میں کرونا وائرس کی نئی قسم سے متاثرہ کیس سامنے آنے کے بعد یورپی ملک ہالینڈ نے اتوار سے برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی لگا دی ہے۔
برطانیہ میں پھیلنے والی کرونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد حکام کی طرف سے کچھ علاقوں میں لوگوں کو گھروں میں قید رہنے کا حکم دیا گیا۔ جس کے بعد ہالینڈ نے یکم جنوری تک برطانوی پروازوں پر پابندی عائد کی ہے۔
ہالینڈ کی وزارت صحت کا جاری کردہ بیان میں کہنا ہے کہ برطانیہ میں سامنے آنے والی کرونا کی نئی قسم زیادہ آسانی اور تیزی سے پھیلتی ہے۔ جب کہ اس کی تشخیص بھی مشکل ہے۔
ہالینڈ کے وزیراعظم مارک رتے کی کابینہ نے کرونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد حفاظتی اقدامات کے طور پر برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کی ہے۔ تاہم آمدورفت کے دیگر ذرائع پر پابندی لگائے جانے سے متعلق فیصلہ زیر بحث ہے۔
خیال رہے کہ ہالینڈ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر اگلے سال جنوری کے وسط تک پانچ ہفتوں کا لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ جب کہ اسکول اور غیر ضروری اشیا کی دکانیں بھی بند ہیں۔













