امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے سابق منیجر پال مینافورٹ اور سابق مشیر راجر اسٹون کو بھی صدارتی معافی دے دی ہے۔
یہ وہ افراد تھے جنہیں 2016 کے امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کی تحقیقات کے دوران سزائیں سنائی گئی تھیں اور مینافورٹ صدر کے ایسے پہلے قریبی ساتھی تھے جن پر سب سے پہلے اس معاملے پر فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔
صدر ٹرمپ نے رئیل اسٹیٹ ڈویلپر چارلس کشنر کو بھی صدارتی معافی دے دی ہے۔ چارلس کشنر صدر کے داماد جیراڈ کشنر کے والد ہیں۔
صدر ٹرمپ کی جانب سے مسلسل دوسرے روز صدارتی معافیاں دینے کا سلسلہ جاری رہا، صدر نے منگل کو بھی 15 افراد کو صدارتی معافی دی تھی۔
بدھ کو صدر نے مجموعی طور پر 26 افراد کو صدارتی معافی دی جب کہ دیگر تین افراد کی سزاؤں میں کمی کر دی۔
بیس جنوری کو اپنا دورِ صدارت ختم ہونے سے قبل اب صدر ٹرمپ نے چار ایسی اہم شخصیات کی سزائیں معاف کر دیں ہیں جنہیں 2016 کے صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کی تحقیقات کی روشنی میں سزائیں سنائی گئی تھیں۔
یہ تحقیقات خصوصی تفتیش کار رابرٹ ملر نے مکمل کی تھیں۔











