ولادت یسوع کا ذکر دو انجیلوں متی اور لوقا میں آیا ہے

0
1388

کِرِسْمَس، بڑا دن، جشن ولادت مسیح، عید ولادت مسیح اور عید ولادت خداوند مسیحیت میں ایسٹر کے بعد سب سے اہم تہوار سمجھا جاتا ہے، اس تہوار کے موقع پر یسوع مسیح کی ولادت کی سالگرہ منائی جاتی ہے۔ گریگوری تقویم کے مطابق 24 دسمبر کی رات سے کرسمس کی ابتدا ہوتی ہے اور 25 دسمبر کی شام کو ختم ہوتا ہے جبکہ جولینی تقویم کے پیروکار اہل کلیسیا کے ہاں 6 جنوری کی رات سے شروع ہو کر 7 جنوری کی شام کو ختم ہوتا ہے۔ گوکہ بائبل ولادت مسیح کی تاریخ کے ذکر سے یکسر خاموش ہے تاہم آبائے کلیسیا نے 325ء میں منعقدہ نیقیہ کونسل میں اس تاریخ کو ولادت مسیح کا دن قرار دیا۔ عموماً یہ خیال کیا جاتا تھا کہ ولادت کا وقت نصف شب کو رہا ہوگا، پھر پوپ پائیس یازدہم نے کاتھولک کلیسیا میں سنہ 1921ء میں نصف شب کی ولادت کو باقاعدہ تسلیم کر لیا۔ کہا جاتا ہے کہ مسیحیت سے قبل بھی روم میں 25 دسمبر کو آفتاب پرستوں کا تہوار ہوا کرتا تھا چنانچہ ولادت مسیح کی حقیقی تاریخ کا علم نہ ہونے کی بنا پر آبائے کلیسیا نے یسوع مسیح کو “عہد جدید کا سورج” اور “دنیا کا نور” خیال کرتے ہوئے اس تہوار کو یوم ولادت تسلیم کر لیا۔ کرسمس کو “عشرہ کرسمس” کا ایک حصہ خیال کیا جاتا ہے، عشرہ کرسمس اس عرصے کو کہتے ہیں جس میں اس یادگار سے جڑے دیگر واقعات مثلاﹰ بشارت ولادت، ولادت یوحنا اصطباغی اور ختنہ مسیح وغیرہ پیش آئے۔ چنانچہ اس پورے عرصے میں گرجا گھروں میں ان تمام واقعات کا ذکر ہوتا ہے۔

کرسمس کے موقع پر مذہبی مجلسیں منعقد ہوتی ہیں، خصوصی عبادتیں انجام دی جاتی ہیں، نیز خاندانی اور سماجی تقریبات کا اہتمام ہوتا ہے جن میں شجرہ کرسمس کی رسم، تحائف کا لین دین، سانتا کلاز کی آمد اور عشائے کرسمس قابل ذکر ہیں۔ غیر مسیحی معاشروں میں بھی اس تہوار کو خصوصی طو پر منایا جاتا ہے اور 25 دسمبر کو دنیا کے بیشتر ممالک میں سرکاری تعطیل قرار دیا گیا ہے۔ نیز کرسمس کا یہ دن ان چند دنوں میں شمار کیا جاتا ہے جن میں سب سے زیادہ خریداری ہوتی ہے اور بڑے پیمانے پر سرمایہ صرف کیا جاتا ہے۔، اسی طرح کرسمس کے مخصوص نغمے، موسیقی، فلمیں اور ڈرامے بھی بنائے گئے ہیں جو اس موقع پر بڑے اہتمام سے سنے اور دیکھے جاتے ہیں۔

مسیحی تہوراوں میں اسے خاص مقام حاصل ہے۔ یہ غالباْ 200ء سے منایا جاتا ہے اور 400ء سے یہ تہوار عام ہو گیا۔ 25 دسمبر کی تاریخ غالباْ اس لیے چنی گئی کہ یسوع کے ظہور کی تاریخ سے قریب ہے اور مشرق میں عام طور پر اس دن یسوع کا یوم پیدائش بھی منایا جاتا تھا۔ اس کے علاوہ اس زمانہ میں مشرق میں ہمیشہ بڑے جشن ہوا کرتے تھے۔ یورپ میں کرسمس کا تہوار بڑے پیمانے پر عہد وسطٰی سے منایا جانے لگا، انگلستان میں انگلیکان کلیسیا اور پروٹسٹنٹ کلیسیا میں اس مسئلہ پر سخت جھگڑے اٹھ کھڑے ہوئے۔ چنانچہ انیسویں صدی عیسوی تک بڑے پیمانے پر یہ تہوار منانے پر اسکاٹ لینڈ میں پابندی لگی رہی۔ آج کل جو کرسمس کے موقع پر ٹرکی یا بطین قربان کی جاتی ہیں، تحائف دیے جاتے ہیں، خاص قسم کے گیت گائے جاتے ہیں۔ یہ خالص انگریز رسوم ہیں یہیں سے ان کی ابتدا ہوئی ہے۔ کرسمس کے موقع پر درختوں کو سجانے، ان پر روشنی کرنے اور تحفے لٹکانے کی رسم عہد وسطی میں جرمنی میں شروع ہوئی۔ کرسمس کے کارڈ بھیجنے اور سانتا کلاز کو مقبولیت امریکا میں حاصل ہوئی۔ کاتھولک کلیسیاؤں اور بعض پروٹسٹنٹ کلیسیاؤں میں اس تاریخ آدھی رات کے وقت عبادت ہوتی ہے۔

فرشتہ نے ان سے کہا ، خوفزدہ مت ہو میں تمہارے لیے خوش خبری لا رہاہوں جوتم سب لوگوں کے لیے بڑی خو شیاں لا ئے گی۔ آج کے دن تمہا رے لیے داؤد کے گاؤں میں ایک نجات دہندہ پیدا ہوا ہے یہ مسیح ہی خداوند ہے۔ “
— لوقا کی انجیل، 2/ 10-11

ولادت یسوع کا ذکر دو انجیلوں متی اور لوقا میں آیا ہے، لوقا کی انجیل میں نسبتاً مفصل تذکرہ موجود ہے۔ انجیل کی تمام متعلقہ روایتوں کا خلاصہ یہ ہے کہ اللہ نے مریم کے پاس جبرائیل کو بھیجا اور انہیں خبر دی کہ وہ روح القدس کی طاقت سے حاملہ ہیں، اس حمل سے ایک بچہ پیدا ہوگا جو “ایک عظیم آدمی بنے گا اور لوگ اس کو خدائے تعالیٰ کا بیٹا کہیں گے”،[لوقا 1/32] جب کنواری مریم نے اپنے منگیتر یوسف نجار کو یہ بات بتائی تو وہ پریشان ہو گیا، چنانچہ فرشتہ اس کے خواب میں آیا، مریم کے بیان کی تصدیق کی اور اس کی ڈھارس بندہائی۔ متی اور لوقا دونوں انجیلیں اس امر پر متفق ہیں کہ یسوع مسیح کی پیدائش داؤد کے شہر بیت اللحم میں ہوئی اور ناصرہ میں ان کی پرورش ہوئی؛ اور یوں جائے ولادت کے متعلق سابقہ پیشین گوئیاں پوری ہوئیں، ان پیشین گوئیوں میں میکاہ نبی کی پیشین گوئی خاصی معروف ہے۔ نیز بیت اللحم میں ولادت کا ایک ظاہری سبب یہ بھی تھا کہ اُس وقت آگستس نے رومی سلطنت کی مردم شماری کا فرمان جاری کیا تھا تاکہ محصولات عائد کیے جائیں۔ چنانچہ یوسف اپنی مخطوبہ مریم کے ساتھ سفر پر نکل پڑے، اس دوران میں مریم یوسف کے ساتھ بیوی کی حیثیت سے رہیں لیکن دونوں کے درمیان میں رشتہ زوجیت قائم نہیں ہوا۔ بیت لحم پہنچے تو قیام کے لیے سرائے ميں کوئی جگہ نہیں ملی اور ادھر مریم کے وضع حمل کا وقت ہو گیا۔ لوقا کی انجیل کے مطابق مریم نے جانوروں کے چارہ رکھنے کی جگہ اپنا پہلوٹھا بچہ جنم دیا اور بچہ کو کپڑے میں لپیٹ کر جانوروں کے باندھنے کی وہ جگہ جہاں جانور گھاس وغیرہ کھاتے ہیں اس میں سلا دیا۔[لوقا 2/7] آبائے کلیسیا کی تمام تفسیریں متفق ہیں کہ یسوع کی ولادت انتہائی غربت و تنگ دستی کے عالم میں ہوئی تاکہ انسانیت کو تواضع کی تعلیم دی جائے نیز قوم یہود اس وقت ایسے مسیح کی آمد کے منتظر تھے جو بادشاہ ہوگا اور رومی سلطنت سے انہیں نجات دلائے گا، انہیں یقین تھا کہ اس مسیح کی پیدائش کسی فوجی سالار کے گھر میں یا کسی بادشاہ کے محل میں ہوگی، چنانچہ ان حالات میں مسیح کی پیدائش سے یہود کو یہ سبق سکھانا بھی مقصود تھا کہ ان کا مسیح منتظر دنیوی نہیں روحانی بادشاہ ہوگا۔

اسی اثنا میں اس خطے کے چرواہوں نے آسمان کی طرف سے فرشتوں کو ولادت مسیح کا اعلان کرتے سنا، انجیل کی اصطلاح کے مطابق آسمان پر فرشتوں کی فوج تھی جو تسبیح پڑھ رہی تھی اور شکر بجا لا رہی تھی۔ اعلان سنتے ہی چرواہے جائے ولادت پر پہنچے، یسوع مسیح کو دیکھا، مریم اور یوسف سے ملاقات کی۔ بعد ازاں فرشتوں سے سنے اعلان کی خبر دینے نکل پڑے اور یوں ولادت مسیح کا یہ پہلا جشن تھا اور اسے منانے والے وہ چرواہے تھے شاید اسی وقت تین مجوسی زیارت کے لیے آئے، گوکہ انجیل متی میں ان کی تعداد مذکور نہیں ہے تاہم یہ سمجھا جاتا ہے کہ وہ تین تھے جنہوں نے بچے کے سامنے گر کر سجدہ کیا اور تین تحفے سونا، لبان اور مُر پیش کیے۔[متى 2/11] جدید تحقیقات سے اس کا سراغ ملتا ہے کہ یہ چرواہے اصل اردن یا سعودی عرب آئے تھے جبکہ قدیم روایتوں میں انہیں موجودہ عراق یا ایران کا بتایا گیا ہے۔ اس موقع پر آسمان پر ایک ستارہ طلوع ہوا، جس کی پیروی کرتے ہوئے وہ مجوسیمجوسی جائے ولادت پر پہنچے۔ بلعام نبی نے اپنی پیشین گوئی میں “یعقوب کا ستارہ” کہہ کر اس جانب اشارہ کیا تھا، محققین کے نزدیک انجیل متی میں مذکور ستارہ دراصل مشتری، زحل اور مریخ کا ملاپ تھا جو 6 اور 4 ق م میں پیش آیا تھا، بعض دیگر محققین نے اس واقعے کی مختلف تفسیریں پیش کی ہیں۔ بہرکیف مجوسیوں کا چرواہوں کے ساتھ آنے میں دو اشارے پنہاں تھے، پہلا یسوع مسیح کے گرد فقرا اور مالدار دونوں طبقے موجود ہوں گے اور دوسرا ان کے گرد یہود اور بت پرست دونوں ہوں گے۔ اور یہ دونوں اشارے اس امر پر دلالت کرتے ہیں کہ یسوع مسیح کا پیغام تمام انسانوں کے لیے ہے۔ ولادت کے بعد پیش آنے والے واقعات میں یروشلم میں ختنہ مسیح، ہیرودیس کے خوف سے خاندان کا مصر کی طرف فرار اور ہیرودیس کی وفات کے بعد مصر سے واپسی قابل ذکر ہیں۔ مسیحیوں کے یہاں کرسمس میں جسمانی ولادت مسیح کی سالگرہ منائی جاتی ہے جبکہ وجود کے اعتبار سے یسوع ہمیشہ سے ہیں۔ اسی لیے معتقدات نیقیہ و قسطنطنیہ میں انہیں “مولود غیر مخلوق” کہا گیا ہے۔

تاریخ کا تعین
ابتدائی مسیحیت میں یہ تہوار نہیں منایا جاتا تھا۔ بعد ازاں 25 دسمبر کی تاریخ متعین ہونے سے قبل جشن ولادت مسیح کی متعدد تاریخیں تجویز کی گئیں، نیز بعض کلیسیا مثلاﹰ آرمینیائی کلیسیا جشن ولادت 6 جنوری کو عید ظہور خداوند کے ساتھ منایا کرتے۔ عیسوی تقویم کے رواج کے بعد مشرقی جولینی تقویم کے 25 دسمبر اور مغربی گریگوری تقویم کے 25 دسمبر کے وقت میں فرق واقع ہوا اور صدیاں گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ فرق بڑھتا رہا۔ چنانچہ اس وقت ان دونوں کے درمیان میں 13 دنوں کا فرق ہے۔ چنانچہ مشرقی جولینی تقویم کے پیروکار 7 یا 8 جنوری کو جشن ولادت مناتے ہیں جبکہ کچھ کلیسیا مشرقی تقویم کے مطابق 19 جنوری کو عید ظہور خداوند کے ساتھ مناتے ہیں لیکن ان کی تعداد کم ہے۔ متعدد راسخ الاعتقاد کلیسیا جشن ولادت اور عید ظہور خداوند گریگوری تقویم کے مطابق مناتے ہیں جن میں انطاکیہ، قسطنطنیہ، اسکندریہ، یونان، قبرص، رومانیہ اور بلغاریہ کی بطریقی قابل ذکر ہیں۔ جبکہ کلیسیاؤں میں روس، یوکرین، یروشلم، سربیا، مقدونیہ، مالدووا، جارجیا، اسکندریہ کا قبطی راسخ الاعتقاد کلیسیا اور حبشی راسخ الاعتقاد توحیدی کلیسیا ان تہواروں کی تواریخ کے تعین میں جولینی تقویم استعمال کرتے ہیں۔ درحقیقت مسیحی اس تہوار کو ولادت مسیح کی حقیقی تاریخ کے طور پر نہیں مناتے بلکہ یسوع مسیح کی آمد اور اس میں موجود روحانی مفاہیم کو یاد کرتے ہیں

جشن کے مظاہر
جشن ولادت کے اس موقع پر تمام گرجا گھروں میں قداس الہی کا اہتمام کیا جاتا ہے، نیز مشرقی راسخ الاعتقاد گرجا گھروں میں روزے بھی رکھے جاتے ہیں۔ ان کے ساتھ ساتھ دیگر بہت سی رسمیں اور سماجی تقریبات منعقد ہوتی ہیں۔

آرائش
کرسمس کے موقع پر گھروں، گرجا گھروں، سڑکوں، میدانوں اور دیگر مقامات کو خوب سجایا جاتا ہے۔ عموماً سبز اور سرخ رنگوں کو اس موقع پر استعمال کیا جاتا ہے اور سونے چاندی کے رنگ کی چیزیں کھائی جاتی ہیں۔ سبز رنگ کو “ابدی زندگی” کا استعارہ سمجھا جاتا ہے اور ایسے سرسبز درخت بنائے جاتے ہیں جن کے پتے کبھی نہیں جھڑتے جبکہ سرخ خود یسوع مسیح کا رنگ ہے۔ اس موقع پر آرائش و زیبائش کی تاریخ خاصی پرانی ہے۔[19] پندرہویں صدی عیسوی میں خصوصاً لندن میں اس کا چلن ہوا۔ اس وقت مختلف طریقوں سے گھروں اور گرجا گھروں کو سجایا جاتا تھا، نیز کرسمس کی اس سجاوٹ میں شجرہ کرسمس کو خاص مقام حاصل تھا کیونکہ ایک طرح سے اس درخت کو یسوع کی زمین پر آمد کا استعارہ سمجھا جاتا۔ شجرہ کرسمس لبلاب کے درخت کا بنایا جاتا ہے جس کے سرخ پھول یسوع مسیح کے خون کی جبکہ اس کے کانٹے اُس کانٹوں بھرے تاج کی یاد دلاتے ہیں جسے عہد نامہ جدید کے مطابق انہوں نے اپنے مقدمے کے دوران میں اور سولی پر چڑھتے وقت پہن رکھا تھا۔

شجرہ کرسمس کے ساتھ منظر پیدائش کا ذکر بھی ناگزیر ہے۔ منظر پیدائش بنانے کا رواج شجرہ سے بھی قدیم ہے، کیونکہ دسویں صدی میں روم میں ولادت مسیح کے مناظر کی تصویریں عام تھیں۔ سنہ 1223ء میں پادری فرانسس اسیزی نے ولادت مسیح کی حقیقی منظر نگاری پیش کی یعنی یوسف اور مریم کے کردار میں ایک مرد و عورت کو رکھا، جبکہ یسوع کے کردار میں ایک بچہ تھا نیز یسعیاہ کی پیشین گوئی میں موجود گایوں اور گدھوں کو بھی اس منظر میں پیش کیا۔ اس منظر نگاری کے بعد یورپ میں اور بعد ازاں پوری دنیا میں یہ روایت چل پڑی۔ شجرہ اور منظر کے ساتھ ساتھ گھنٹیاں، طلائی زنجیریں، سرخ گولے، برف کے گالے، سرسبز ٹہنیوں کے گول ہار، چکردار شمعیں، فرشتے، گنے کا میٹھا، سرخ موزے اور تارے -بیت لحم میں طلوع ہونے والے تارے کی علامت کے طور پر- کرسمس کی روایتی زینت میں بکثرت استعمال ہوتے ہیں۔ نیز ان میں سانتا کلاز اور ان کے رینڈیر کو بھی خصوصی اہمیت حاصل ہے، عوامی روایات کے بموجب سانتا کلاز گاڑی پر سوار ہوکر آتا ہے جسے رینڈیر چلاتے ہیں۔ ٹہنیوں کے گول ہار عموماً دروازوں اور کھڑکیوں پر رکھے جاتے ہیں جو مسیحیوں کے اس یقین کا اظہار ہے کہ یسوع مسیح دنیا کی روشنی ہیں۔ میکسیکو میں کیکٹس کے پودے اور پوئن سیٹا (مقامی پودا) بھی کرسمس کی زینت میں شامل کیے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں سڑکوں، شاہراہوں اور بازاروں میں خصوصی بینر، بجلی کے قمقمے اور نمایاں مقامات پر شجرہ کرسمس لگائے جاتے ہیں۔ الغرض کرسمس کے موقع پر آرائش و زیبائش کا بہت اہتمام کیا جاتا ہے اور دنیا بھر میں اسے اپنے مقامی اسباب آرائش کے ساتھ بھی منایا جاتا ہے۔ کرسمس کے اسباب آرائش کے لیے پہلی مخصوص دکان 1860ء کی دہائی میں جرمنی میں کھلی اور جلد ہی اس قسم کی دکانوں کی بہتات ہو گئی اور کاروباری ادارے ان اسباب کی تیاری میں ایک دوسرے پر بازی لے جانے کی کوشش کرنے لگے۔

کرسمس کے لیے سجاوٹ کی ابتدا کی کوئی متعین تاریخ نہیں ہے لیکن عموماً اس آرائش کا آغاز 1 دسمبر سے ہو جاتا ہے جبکہ شجرہ کرسمس 24 دسمبر کی شام کو رکھا جاتا ہے تاہم سب ان تاریخوں کا اہتمام نہیں کرتے۔ 5 جنوری کو عید ظہور خداوند کی شام یہ تمام آرائشیں ختم کر دی جاتی ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY