امریکہ میں وبائی امراض کے سب سے بڑے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ملک کو اس وقت ایک مشکل صورت کا سامنا ہے۔
ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے، جنہیں پچھلے ہفتے کرونا ویکسین لگائی گئی تھی، امریکی نشریاتی ادارے ‘سی این این’ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ چھٹیوں کے دوران لوگوں کا ایک دوسرے سے ملنے سے گریز کرنا بہت مشکل ہے۔
حکام کے مطابق ساڑھے آٹھ کروڑ لوگوں نے اپنے رشتے داروں اور دوستوں سے ملنے کے لیے سفر کیا ہے جس کی وجہ سے حکام کو کرونا کیسز بڑھنے کے خدشات لاحق ہیں۔
فاؤچی کا مزید کہنا تھا کہ ایئرپورٹ بھرے پڑے ہیں اور گھروں میں لوگ ایک دوسرے سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ ان کے بقول جتنا انہوں نے لوگوں کو ایک دوسرے سے دور رہنے کا کہا، لوگ اتنا ہی آپس میں مل رہے ہیں۔
فاؤچی نے لوگوں سے کرونا ویکسین لگوانے کی اپیل بھی کی۔












