بھارت میں جاری کسانوں کے احتجاج کی حمایت میں ٹویٹ کرنے والی عالمی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ کے خلاف دلی پولیس نے مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ٹائمز ناؤ نیوز کے مطابق ’گریٹا تھنبرگ پر الزام ہے کہ انہوں نے انڈیا کے خلاف بڑی سازش میں حصہ لیا ہے، ان کا ایجنڈا اس وقت کھل کر سامنے آیا جب انہوں نے حادثاتی طور پر کسانوں کی پراپیگنڈا ٹول کٹ شیئر کی، اس میں دنیا بھر میں انڈیا کے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔‘
خیال رہے کہ گریٹا تھنبرگ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے بھارتی کسانوں کے حق میں آواز بلند کی تھی، وہ ان عالمی شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے انڈین کسانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ان کے علاوہ گلوکارہ ریحانہ سمیت دیگر مشہور شخصیات نے بھی ٹویٹس کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔
سویڈن سے تعلق رکھنے والی بچی گریٹا تھنبرگ نے برطانوی سیاستدانوں پر زور دیا ہے کہ وہ سائنسدانوں کی باتوں پر کان دھریں اور عالمی حدت میں اضافے کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں۔ گذشتہ برس اکتوبر میں ماحولیات کے لیے سکول سے ہڑتال یا ’سکول سٹرائیک فور کلائیمیٹ‘ کی روایت شروع کرنے کے بعد سے انھوں نے دنیا بھر میں نوجوانوں میں ایک نئی تحریک پیدا کر دی ہے۔ گریٹا اب محض ایک نام نہیں بلکہ ماحول کے بچاؤ کے لیے دنیا بھر کے بچوں کی نمائندہ آواز بن چکی ہیں۔













