پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر سینیٹ کے انتخابات متنازع بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے جو آرڈیننس جاری کیا گیا ہے اس سے سپریم کورٹ بھی متنازع ہوسکتا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت شفاف انتخابات نہیں چاہتے ہیں کیونکہ اگر وہ اصلاحات چاہتے تھے تو ان کے پاس 3 سال تھے اور وہ اس پر کام کر سکتے تھے لیکن ان کی نیت خراب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا پہلے خیال تھا کہ انہیں فری ہینڈ ملے گا لیکن جب پتہ چلا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سینیٹ انتخابات میں حصہ لے رہی ہے تو پھر انہوں نے پہلے سپریم کورٹ سے رجوع کیا، جس کے بعد اسمبلی میں بل لیا اور اب آرڈیننس جاری کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عدالت اس کی اجازت نہیں دے گی، الیکشن کمیشن نے بھی مخالفت کی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ صدارتی ریفرنس پہلے ہی عدالت میں موجود ہے لیکن آرڈیننس کو بھی عدالت میں چیلنج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر خدانخواستہ یہ سازش کامیاب ہوئی تو پاکستان کی جمہوریت، پارلیمان اور پاکستان کے انتخابات پر بہت بڑا حملہ ہوگا۔

SHARE

LEAVE A REPLY