میں چاہ رہی تھی کہ پرائمری کے دور سےنکل کر ہائی سکول میں داخل ہوں مگر یادیں کہ لکھتے لکھتے یاد کے جگنو جھلملاتے ہیں ۔ان کو پکڑنے کے لئے ماضی کی گم گشتہ گلیوں اوربھول بھلیوں میں جانکلتی ہوں ۔اورکبھی تو یہ جھلک دکھا کر غائب ۔کبھی میری مٹھی میں! ہمارا گھر مسجد حاجی بہادر صاحب کے قریب تھا (حاجی بہادر صاحب جلیل القدر اولیا اللہ میں گنے جاتے ہیں ان کا مزار مرجع خلائق ہے )ان کے ہاتھ سے لکھا ہوا قرآن مجید ایک چھوٹی سی کوٹھڑی میں شیشے کی الماری میں رکھا ہے بہت بڑے سائز کا یہ نسخہ دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے اس کے ساتھ ملحق مسجد بھی اسلیے مسجد حاجی بہادر صاحب ہی کہلاتی ہے ۔
اس کا احاطہ فقیروں سے بھرا رہتا لہذا جمعرات کو یاویسے خیرات کرنی ہوتی تو تندور سے سو دو سو روٹیاں لے جاتے اوران میں بانٹ دیتے کبھی کبھار ساتھ سالن کا دیگچہ بھی ہوتا ورنہ زیادہ تر صرف روٹیاں تقسیم کرتے آجکل کے پیشہ ور گداگروں سے ان کا موازانہ نہیں کیا جاسکتا ۔کہ یہ لوگ مستقل مکین تھے یہاں کے ۔کھلے برآمدوں ۔سیمنٹ کے تھڑوں اورٹھنڈی زمین پربےشمار پیوند لکی گدڑیاں اوڑھے سوے ہوتے سکول جانے کے لئے روزانہ یہاں سے گزرنا پڑتا مسجد کی تعمیر نو شروع ہوئی ۔آتے جاتے اس وسیع و عریض مسجد کو ایک نظر دیکھ کر اپنی راہ لیتے ایک دن ہماری ساتھیوں نے چھٹی کے وقت گزرتے ہوئے کہا چلو آو آج اس مسجد کو اندر چل کر دیکھتے ہیں
بغیر اجازت ہم کبھی گھر سے باہر نہیں نکلے ۔کہ اس معاملے میں بہت سختی تھی مگر ساتھیوں کا پرزور اصرار ومنت سماجت ہم بالآخر مسجد دیکھنے اندر چلے گئے پھر بالائی حصےمیں یوں بھاگتے پھرے کہ ہمارے بال ہوا میں لہرا رہے تھے یوں ادھر سے ادھر بھاگتے ہوے سامنے دیکھا تو اپنے گھر کی چھت پر ماموں نظر آگئے (آف ان کی سخت گیر طبیعت جلاد سے کم نہ تھی )
نگاہ ملتے ہی گویا بجلی کا کرنٹ سا لگا ۔اس پر مستزاد یہ کہ انہوں نے اپنا ہاتھ چہرے پر پھیر کر گویا اشارہ کیا کہ وہ اس غلطی کی سزا سخت ہوگی اور وہ ہمارے ساتھ دیکھیں گے ۔بس جی اب تو ہمارے اوسان خطا ہو گئے ۔کاٹو تو بدن میں لہو نہیں ۔دیوانہ وار گھر کی طرف دوڑے مگر سیڑھیاں اترتے ہوئے لگا کہ جیسے قدم اٹھا نہیں پارہی گھر قریب آگیا تھا دھڑکنیں بےترتیب ہو گئیں ۔آہستہ آہستہ مشکل سے چل رہی تھی کہ سامنے میدان میں پولیس کانسٹیبل نظر آگیا ۔بچپن میں شاید مجھے ڈرایا گیا ہوگا کہ پولیس کو دیکھ کر خوفزدہ ہو جاتی ۔میں تو پہلے ہی ادھ موئی سی چل رہی تھی کہ بس سپاہی کودیکھتے ہی ۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔ بے ہوش ہو گئ ۔سناکہ محلے والے مجھے اٹھا کر گھر لاے گرنے سے چوٹیں آئیں تھیں ۔کافی دیر بعد ہوش آیا تو ڈیڈی کے مطب میں لیٹی ہوئی تھی ۔اور وہ مجھے پیار سے بار بار پکار کر ہوش میں لانے کی کوشش کر رہے تھے ۔
آجکل ہماری بچیاں ان پابندیوں کا تصور بھی نہیں کر سکتیں جن کا سامنا ہماری نسل کو کرنا پڑا ۔گلی محلے میں بے فکری سے کھیلتے بچوں کو حسرت سے دیکھتے کہ کاش ایسی بےفکری سے کھیلنے کی اجازت ہوتی ۔
خواہش کازکر آیا تو یاد کا ایک اورجگنو چمک اٹھا ۔اس زمانے میں رواج تھا ۔کہ بارات کے لئے دولہا تیار ہوتا سہرا وغیرہ باندھ کر گھوڑے پرچڑھ کر حاجی بہادر صاحب کے مزار پر حاضری دیتا ۔

پھر یہ بارات ہمارے گھر کے سامنے سے گزرتی ۔اس شان سے کہ آگے آگے لوگ گیس کے شمع دان سے اٹھاے ہوتے پھر بینڈ والے شہنائی اورمقبول فلمی گانوں کی دھنیں بجاتے ہوئے، اوردولہامیاں چہرے کو بڑے سے سہرے سے ڈھکے ہوئے گھوڑے پر سوار ہوتے اپنے آگے 8 10 سال کے بچے کو بیٹھاے ہوے اس شان سے کہ گھوڑا بھی سجا ہوا اور دولہا میاں کے سہرےمیں چھوٹے چھوٹے قمقمےجگمگ جگمگ کر رہے ہوتے ایسے ہی قمقموں سے گھوڑے کو بھی سجایا جاتا ۔گھوڑا موسیقی کی لے پر سہج سہج کر قدم اٹھاتا اورپیچھے باراتی ہنستے کھیلتے پیدل چل رہے ہوتے ۔بس یہ منظر میرا پسندیدہ ترین! چشم تصور سے اس بچے کی جگہ میں خود کو پاتی اور دولہا کی جگہ ماموں کو (جنہیں میں انکل کہتی )اوردعا کرتی کہ اللہ کرے جلد ان کی شادی ہو تاکہ میں ان کے ساتھ بیٹھ سکوں ۔بینڈ کی آواز سنتے ہی ساری خالائیں دوڑ کر بند بستوں کی درز سے آنکھیں لگا دیتیں اور میں صدق دل سے دعا کرتی کہ ان کی بھی شادیاں ہوں تو میں ان کے ساتھ ڈولی میں بھی بیٹھونگی۔آخر میں اس گھر کی اکلوتی وسب کی لاڈلی تھی تو یہ استحقاق تو بنتا تھا کہ گھوڑے اور ڈولی دونوں میں بیٹھوں ۔اس خیال سے ہی میں جھوم جھوم جاتی اس زمانے کے گیت بھی کچھ یوں تھے کہ ویر میرا گھوڑی چڑھیا وغیرہ وغیرہ چشم تخیل سے بارہا ہم نے قمقموں سے سجے گھوڑے کی سواری اورلوگوں کے کندھوں پر اٹھائی ڈولی میں دور تک سواری کی ۔یہ اور بات کہ دعائیں مانگنے کے باوجود خالہ اور ماموں کی شادی اتنی لیٹ ہوئی ۔کہ اس وقت گھوڑے اور ڈولی کا رواج ہی ختم ہو کر رہ گیا ۔یوں دوسرے بہت سارے خوابوں کی طرح یہ بھی خواب بھی شرمندہ تعبیر نہ ہو سکے مگر ہمارا حوصلہ دیکھنے کہ کبھی مایوس نہیں ہوے ہم کوئی نیا خواب بن لیتے ۔کوئی نیا تصور سجا لیتے ۔ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہرخوہش پہ دم نکلے
ہر مہینے کوئی نہ کوئی تہوار آجاتا۔جس کے لئے خصوصی اہتمام کرنا پھپھو اماں اپنا فرض منصبی سمجھتی ۔شب برات آتی تو مٹی کے دیوں میں سرسوں کا تیل ڈال کر رکھتی اندر روی کی بتیاں بٹ کر رکھتی جو سرشام گھر کی دیواروں نلکوں اور مختلف جگہوں پر رکھواتیں ۔ایک ٹرے بھر کر دیوں کی دیتیں جو آس پاس پڑوس میں دے کر آتی گرما گرم نشاستے سے بنا حلوہ ۔درھڑایاں (پراٹھا جو ایک نیچے رکھا جاتا ہے دوسرا اوپر رکھ کر بیلا جاتا ہے )یہ بھی ہمسائوں ورشتہ داروں میں تقسیم کرتے ۔
محرم الحرام کے دس دنوں میں خصوصی اہتمام عبادت اور طرح طرح کے کھانوں کا کیا جاتا ۔بچوں کے لئے کھیر کے وارے شربت کی ڈولیاں ہوتیں (مٹی کی پرچ سی اورگول ڈولی )مسجد حاجی بہادر صاحب میں بھی خصوصی اہتمام ہوتا اور اہل بیت کی فضیلت مقام ومرتبے پر بات ہوتی ۔نویں دسویں محرم الحرام کو دیگیں پلاو کی بناکر غربا ومساکین میں تقسیم کی جاتیں
گرم گرم تازہ کٹی ہوئی چوری پر میٹھا دہی ۔۔۔۔اف اس کی لذت اورزائقہ یہ انہی سیدہ کے گھر کھانے کا موقع ملا ۔کتنے پکوان ۔زائقے اور خوشبوئیں جو معدوم ہو گئیں ۔بازار کے سرے پر بڑی سے بوتلوں اور انواع اقسام کے شربتوں کی دکان جس کاصندل کاشربت اور اس کی خوشبو، دس بجے کے قریب بڑا سا شیشے کا مگ لے کر جاتی اور کبھی اٹھنی کبھی چونی گاڑھا گاڑھا صندل کاشربت دو لیموں نچوڑ کے دے دیتا گھر آکر اس میں پانی اوربرف ملا شربت تیار ہو جاتا جو میں ڈیڈی کو دے آتی ۔

مہمان آتے تو لکڑی کے کھانچے میں گنے والی رنگ برنگی بوتلیں منگواتے ۔انہیں کھولنے کے لیے بھی لکڑی سے بنا اوپنرتھا تھا جس کو اوپر رکھ کر زور سے مکا مارتے تو ٹھاہ کی زوردار آواز سے بوتل کا گینہ یا بنٹہ نیچے چلا جاتا ۔طبیعت میں گرانی یا بوجھل پن محسوس ہوتا تو دودھ میں سوڈے کی بوتل ملا کر پی جاتی ریڑھیوں پر اور گھروں میں عام طور پر تخم ملنگاہ وتخم ریحان کے شربت بنتے ۔میچیلز کے مینگو اور اورنج سکواش بھی موجود تھے ۔ہماری ایک خالہ کو چٹنی بنانا اورکھانا بہت پسند تھا ۔دس بجے کے قریب وہ ٹماٹر کی چٹنی بناتیں کبھی اس میں امرود کبھی اناردانہ شامل کرتیں اور رات کی باسی روٹی کے ساتھ مزےسے کھاتیں کوہاٹ کے تنور کی خمیری سرخ سرخ روٹی اپنی الگ انفرادیت رکھتی ہے ۔اکثر اس کو ناشتے میں گھی میں تل کر کھایا جاتا ۔ہاں چٹنی۔جب خاص موقع پر بنانی ہو تو اس میں اخروٹ بھی ڈالتیں ۔طرح طرح کے اچار چٹنیاں مربے گھر پر بنتے ۔مصالحہ ہر ہانڈی کے لیے تازہ تازہ پیسا جاتا ۔کئ دالوں کو بھگو کر پھر اس سے وڑیاں بنائی جاتیں۔سبزیوں کے ہار پرو کر سبزیاں سکھا لیتیں اور پھر جب ان کا موسم نہ ہو تو پکائی جاتیں ۔نشاستہ گھر میں بناتیں اور سویاں بھی ۔گھر کی بنی ان سویوں کو بعد ازاں بیکری میں بھنوا لیا جاتا ۔ان ابلی ہوئی سویوں پر ملائی وشکر ڈال کر کھانے کا مزا ہی اور تھا ۔ہفتے میں ایک دفعہ پیالہ دے کر کہتیں کہ جاو آملہ اورہریڑ کا مربہ لےآو ۔چونی اٹھنی میں کافی سارے آملہ وہریڑ لے آتی پھپھو اماں نے طویل عمر پائی اورمرتے دم تک ان کے بال کالے تھے ۔نظر بد سے بچنےاور اسکے اتار کے لیے طرح طرح کے طریقے آتے تھے ان کو
ہرمل جلانا تو معمول تھا۔اس طرح صدقے کے لئے سات اناج یعنی گندم ۔جوار ۔لوبیا ۔چنے وغیرہ وغیرہ رات بھر ہلکی آنچ پر پکتے رہتے اس کو گھونگڑیاں کہتے تھے ۔پک جاتیں تو پھر تقسیم کردی جاتیں بچوں کی پیدائش اور چلہ نہانے پر بھی پکا کر بانٹتے
غرض یہ کہ صدقہ خیرات اور نظر اتارنے کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ۔دن کے بارہ بجے تک یا اس سے پہلے پہلے کھانا تیار کرلیاجاتاکہ مسجد میں پڑھنے والے بچوں میں سے ایک بچہ آکر آواز لگاتا کہ وظیفہ دے دو ۔گنجے سر پر ٹوپی پہنےہاتھ میں ٹوکری پکڑے بچہ ٹوکری آگے کرتا اوراس میں سالن ڈال دیا جاتا جہاں پہلے ہی انواع و اقسام کے سالن موجود ہوتے جو اس نے پورے محلے سے اکٹھے کیے ہوتے ۔پہلی روٹی ہمیشہ گھی والی وظیفے والے کے لیے پکائی جاتی ۔پورا محلہ اس ذمے داری کو بخوشی حسب توفیق نباہتا ۔اب تو کئ سالوں سے وظیفے والا نظر نہیں آیا ۔ جاری
نصرت نسیم













