کورونا وائرس نے دنیا میں بڑے بڑے لیڈران کو بھی متاثر کیا ہے جس میں کینیڈین وزیراعظم کی اہلیہ بھی وائر س سے متاثر ہوئی ہیں اور جسٹن ٹروڈو تنہائی اختیار کرنے والے پہلے سربراہ مملکت بن گئے۔
کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ صوفی ٹروڈو میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، ٹروڈو کی اہلیہ صوفی گریگوئر ٹروڈو کو برطانیہ سے وطن واپسی پر ہلکے بخار اور زکام کی شکایت ہوئی، جس پر اُنہیں مشتبہ قرار دے کر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے۔
آسٹریلین وزیرداخلہ پیٹر ڈیوٹن میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، انہوں نے ایک ہفتے پہلے وائٹ ہاؤس میں ایوانکا ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔
اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں فلپائنی سفارتکار میں کورونا پایا گیا، جبکہ اسپین کی ملکہ بھی وائرس سے نہ بچ سکیں اور وہ وائرس کی تصدیق سے پہلے فرانسیسی صدر میکرون سے بھی ملی تھیں۔
برطانوی نائب وزیر صحت کورونا کا شکار
پرتگال کے صدر مارسیلو بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، جس کے بعد صدر مارسیلو کی تمام سرگرمیاں معطل کر کے صدارتی محل میں ان کا علاج جاری ہے۔
پرتگال میں گزشتہ روز مزید 13افراد میں کوروناوائرس کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 31 ہو چکی ہے۔
اس سے قبل برطانیہ کی نائب وزیرصحت نیڈین ڈوریس کی بھی کورونا وائرس کا شکار نے کی خبر آئی تھی، انہوں نے حال ہی میں وزیر اعظم بورس جانسن سمیت کئی افراد سے ملاقات کی تھی۔
برطانیہ کی نائب وزیر صحت نیڈین ڈوریس نے وائرس کی تشخیص کے بعد خود کو اپنے گھر میں محدود کر لیا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ ان کی 84 سالہ والدہ رہتی ہیں جنہیں کھانسی شروع ہوگئی ہے جس پر آج ان کا بھی ٹیسٹ کرایا جائے گا۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 4700 سے زائد ہوگئی ہے، ایک لاکھ 27 ہزار سے زیادہ افراد متاثر جبکہ 68 ہزار سے زیادہ صحت یاب ہو چکے ہیں۔













