پاکستان نے محمد رضوان کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دے دیا۔

قذافی اسڈیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان ٹیم کو فیوریٹ قرار دیا جارہا ہے، جہاں مہمان ٹیم کے کپتان ہائنرک کلاسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اننگز کے آغاز میں ہی کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوگئے، جبکہ دوسری وکٹ کے لیے نوجوان حیدر علی اور محمد رضوان نے 36 رنز جوڑے۔

حیدر علی نے قلیل لیکن دھواں دھار اننگز کھیلی اور 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد حسین طلعت آئے اور انھوں نے محمد رضوان کا ساتھ دیا۔

15 رنز بنانے کے بعد حسین طلعت بھی 69 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے جبکہ ان کے بعد بھی وقفے وقفے سے قومی ٹیم کی وکٹیں گرتی رہیں۔

تاہم ایسے میں محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی کیئریر کی بہترین اننگز جاری رکھی اور آنے والے دیگر کھلاڑیوں افتخار احمد، خوشدل شاہ، فہیم اشرف اور محمد نواز کے ہمراہ نہ صرف ٹیم کا اسکور بلکہ اپنا اسکور بھی آگے بڑھایا۔

محمد رضوان نے آخر اوور میں اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی اور ٹیم کو 169 کے ٹوٹل تک پہنچادیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے اینڈائل پھیخلوکوائیو نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ تبریز شمسی، لوتھو سپالا اور یورن فورچن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

SHARE

LEAVE A REPLY