امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری صدارتی مدت کے لیے انتخابی کامیابی کو منصفانہ اور شفاف قرار دیتے ہوئے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ اقتدار کی منتقلی پرامن ہو گی۔

وائٹ ہاوس کے روز گارڈن میں اپنےقومی خطاب میں بائیڈن نے، جو کہ ایک طویل عرصے سے ٹرمپ کے سیاسی حریف رہے ہیں، جمعرات کو کہا کہ وہ اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ ٹرمپ نے نائب صدر کاملہ ہیرس کو الیکشن میں شکست دے دی ہے۔

بائیڈن نے کہا کہ عوامی رائے ہمیشہ غالب ہوتی ہے۔

“جیسا کہ میں نے پہلے کئی بار کہا ہے آپ اپنے ملک سے صرف اس وقت ہی محبت نہیں کرتے جب آپ فتح یاب ہوتے ہیں۔ آپ اپنے ہمسایہ سے صرف اس وقت محبت نہیں کرتے جب آپ ان سے متفق ہوں۔”امریکی صدر نے کہا۔

بائیڈن نے، جو نصف صدی سے ڈیموکریٹک پارٹیسے وابستہ ہیں، اس پر افسوس کا اظہار کیا کہ ان کے ساتھ 2020 کا الیکشن لڑنے والی نائب صدر ان کی جانشین نہیں بن سکیں۔

صدر نے نائب صدر کی مہم کی تعریف کرتے ہو ئے کہا کہ وہ متاثر کن رہی اور یہ کہ انہوں نے پوری دلجمعی سے بھر پور کوشش کی۔

بائیڈن نے کہا، ہم یہ مقابلہ ہار گئے۔ “ناکامیاں ناگزیر ہیں لیکن کوشش ترک کردینا ناقابل معافی ہے۔”

انہوں نے مزید کہا، “ہم ٹھیک رہیں گے، لیکن ہمیں مسلسل شمولیت کی ضرورت ہے۔ ہمیں آگے چلتے رہنا چاہیے۔ اور سب سے بڑھ کر ہمیں یقین برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔”

اس سے قبل بائیڈن نے ٹرمپ کو بدھ کو فون پر ان کی کامیابی پر مبارکباد دی تھی اور انتقال اقتدار پر بات کرنے کے لیے انہیں وائٹ ہاؤس مدعو کیاہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY