صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیمرا ترمیمی بل 2023 کی منظوری دے دی۔
صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت پیمرا ترمیمی بل 2023 کی منظوری دی ہے۔
عارف علوی کی جانب سے بل کی منظوری کے بعد سابق پی ڈی ایم کی حکومت کی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ میڈیا خاص طور پر میڈیا ورکرز کو باضابطہ مبارک ہو، پرویز مشرف کی آمریت سے جنم لینے والے پیمرا کے سیاہ کالے قانون کو پیمرا(ترمیمی) بل 2023 کی صورت دستور پاکستان کی جمہوری و بنیادی انسانی حقوق کی حدود میں لے آئے ہیں، آرٹیکل 19 کو قانون کا حصہ بناکر اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنادیا ہے۔
ٹویٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ دوماہ کے اندر (within) واجبات (Dues) کی ادائیگی نہ ہونے پر سرکاری اشتہارات کی بندش، پیمرا چیئرمین سے اختیارات کی کونسل آف کمپلینٹس کو منتقلی، پی بی اے اور پی ایف یو جے کے نمائندوں کی کونسل میں شمولیت سمیت ایسے کئی اقدامات اب قانون بن چکے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مشاورت سے تیار ہونے والا یہ متفقہ قانون میڈیا ورکرز اور میڈیا ہاؤسز کی مشترکہ کامیابی ہے۔ اے پی این ایس، سی پی این ای، پی بی اے، ایمینڈ، پی ایف یو جے، آر آئی یو جے، وزارت اطلاعات اور پیمرا کے افسران سمیت تمام احباب کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے راہنمائی، معاونت اور مدد کی۔
مریم اونگریب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، سابق کابینہ، پارلیمان کے تمام ارکان کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے یہ تاریخ ساز فیصلہ کیا۔













