بخدمت جناب سہیل علی خاں
وفاقی سکریٹری برائے اطلاعات ونشریات
جناب والا! ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل جناب طاہر حسن نے دو روز قبل ایک بیان میں کہا کہ ہم ملازمین کو تین ماہ کی تنخواہیں ادا کریں گے جبکہ پینشن کی ادائیگی نہیں کر رہے کیونکہ وزیراعظم کے کہنے پر فنانس منسٹری نے صرف تنخواہوں کی رقم دی اور وزیر اعظم پاکستان اور وزارت خزانہ نے پینشنرز کے لیے فنڈز دیئے سے انکار کر دیا ہے ۔۔
جناب والا ریڈیو پاکستان کے سربراہ کا یہ بیان سن کر پورے پاکستان میں موجود تقریباً ساڑھے چار ہزار پینشنرز میں تشویش کی شدید لہر دوڑ گئی اور گزشتہ روز اکتیس مئی بروز بدھ تقریبآ اسی کے قریب پینشنرز ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سے درخواست کرنے گئے کہ براہ کرم پینشنرز کا معاشی قتل عام نہ کیا جائے کیونکہ مہنگائی کے اس دور میں تین ماہ بغیر پینشن کے زندگی گزارنا محال ہے اور براہ کرم میسر روٹی یعنی حاصل رقم ملازمین اور پینشنرز کے درمیان برابر تقسیم کر دیں تاکہ کوئی بھی فریق بھوک اور تنگدستی کا شکار نہ ہو ۔
لیکن ڈائریکٹر جنرل اور آن کی فنانس ٹیم نے نے ہماری گذارشات کو در خور اعتناء نہ سمجھا نہ صرف یہ بلکہ ڈی جی صاحب کے کمرے میں موجود ہمارے دو سینئر پینشرز کے ساتھ انتہائی بدتمیزی اور بد اخلاقی کی ، انہیں گالم گلوج اور برے برے القابات سے پکارا ۔۔ جناب والا یہی نہیں بلکہ ریڈیو پاکستان کے زیڈ بخاری آڈیٹوریم آڈیٹوریم جہاں تقریباً ستر کے قریب بزرگ خواتین وحضرات پینشنرز موجود تھے وہاں ایک جتھے کی صورت میں نام نہاد یونین کے عہدیدار اور کارندے شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے پینشرز کو ڈرانے دہمکاںے اور ہوٹنگ اور ہراساں کرتے ہوئے فلک شگاف نعروں کے ساتھ اعلان کرتے رہے کہ یہ ہماری تنخواہوں کے فنڈز ہیں اور ان میں سے پینشرز کو ایک پیسہ بھی نہیں دیں گے
اس دوران ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان طاہر حسن اور ان کی فنانس ٹیم خاموش تماشائی بنی رہی۔۔ جناب والا! افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ ریڈیو پاکستان جس نے چودہ اگست کی صبح آزادی کا تاریخی اعلان کر کے قیام پاکستان کی نوید سنائی اس پاکستانی قوم کے مؤقر اور معتبر ادارے کے تاریخی ہال یونین کے کارندوں نے شدید ہلڑ بازی کر کے ادارے کے تقدس کو بری طرح پامال کیا آور مشرقی اقدار دھجیاں بکھیرتے ہوئے بزرگ پینشنرز (جن میں خواتین بھی شامل تھیں) کو دھکے مارتے ہوئے سڑک پر دھکیل دیا ۔
ستم ظریفی یہ کہ ادارے کے سربراہ اور اعلیٰ عہدیداران معنی خیز خاموشی سے یہ سب کچھ دیکھتے رہے ۔۔۔۔ جناب والا ! ریڈیو پاکستان کے پینشنرز کے ساتھ اس ہتک آمیز رویے کے بعد ہمیں اس بات کا پختہ یقین ہے کہ ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ، شعبہ فنانس کے اعلی عہدیداران اور نام نہاد یونین کے کارندوں کے درمیان ایک خفیہ گٹھ جوڑ موجود ہے اور وہ بزرگ پینشنرز کو مالی حتیٰ کہ جسمانی نقصان پہنچانے کے درپے ہیں ۔
ہماری آپ سے پرزور اپیل ہے کہ ہمیں ان کے ظلم وستم سے بچایا جائے اور ہمیں پینشن کے حق سے محروم نہ رکھا جائے اور شرپسندوں اوران کی پشت پناہی کرنے والے سازشی عناصر کے خلاف انضباطی اور قانونی کارروائی کی جائے۔ آپ کی عین نوازش ہوگی۔۔
العارض۔ ریڈیو پاکستان کے پینشنرز۔۔۔۔ نام اور دستخط کی فہرست ساتھ لف













