ایران نے علی رضا عنایتی  کو سعودی عرب میں اپنا سفیر مقرر کردیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق علی رضا عنایتی ایران کے وزیر خارجہ کے اسسٹنٹ کے طور پر کام کرچکے ہیں۔

علی رضا ایرانی وزارت خارجہ میں عرب خلیج امور کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہ چکے ہیں۔

علاوہ ازیں علی رضا 2014 سے 2019 تک کویت میں ایران کے سفیر رہ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ مارچ میں چین کی ثالثی میں سعودی عرب اور ایران نے سفارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔

معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے سفارت خانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے سمیت سیکیورٹی اور اقتصادی تعاون کے معاہدوں پر عمل درآمد پر اتفاق کیا تھا۔

,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,

سفارتی تعلقات بحال ہونے پر سعودی عرب نے ایران میں اپنا نیا سفیر مقرر کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کا کہنا ہے کہ ایران بھی جلد سعودی عرب میں اپنا نیا سفیر تعینات کرے گا۔

دوسری جانب ایران کے وزیر خزانہ احسان خاندوزی کی قیادت میں وفد جدہ پہنچ گیا ہے۔

چین کی ثالثی میں سفارتی تعلقات کی بحالی میں اتفاق کے بعد یہ کسی ایرانی عہدیدار کا سعودی عرب کا پہلا دورہ ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق وفد سعودی حکام کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کرے گا اور اسلامی ترقیاتی بینک کے اجلاسوں میں شرکت کرے گا۔

سعودی عرب اور ایران نے مارچ میں چین کی ثالثی میں ہونے والے معاہدے کے تحت سفارتی تعلقات بحال کرنے پراتفاق کیا تھا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے 2016ء میں تہران میں اپنے سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے پرحکومت کے حامی مظاہرین کے حملے کے بعدایران کے ساتھ تعلقات منقطع کردیے تھے۔

………………..

سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے لیے دونوں ممالک کی جانب سے پیش رفت کا سلسلہ جاری ہے ، سعودی عرب میں ایران کا سفارتخانہ 7 سال بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے ۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں ایرانی سفارتخانے کے احاطے کے دروازے کھول دیے گئے ہیں ، ایرانی وزارت خارجہ کے بیان کے چند گھنٹے بعد سفارتی مشن کو کھول دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایران کی تکنیکی معائنہ ٹیم نے بند سفارتخانہ کا مرکزی گیٹ کھولا اور عمارت کا جائزہ لیا۔

واضح رہے کہ ایران کی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ سعودی عرب میں ایک تکنیکی وفد بھیجا جائے گا، اس وقت تکنیکی وفد ریاض میں موجود ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے اسی حوالے سے کہا تھا کہ ایرانی وفد ریاض اور جدہ میں سفارتخانہ اور قونصل خانہ کھولنے کیلئے ضروری اقدامات کرے گا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران نےگزشتہ ماہ چین کی ثالثی میں 2016کے بعد سفارتی کشیدگی ختم کرنے اور سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔

SHARE

LEAVE A REPLY