سپریم کورٹ میں فیض آباد دھرنا نظر ثانی کیس میں سابق چیئرمین پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) ابصار عالم نے بیان حلفی کے ساتھ جواب جمع کرا دیا۔
بیان حلفی میں ابصار عالم کا کہنا ہے کہ فیض آباد دھرنے کے دوران بطور چیئرمین پیمرا مجھ پر اور حکام پرسابق ڈی جی سی فیض حمید کا شدید دباؤ تھا، انہوں نے صحافی نجم سیٹھی کے خلاف ایکشن لینے کے لیے دباؤ ڈالا تھا اور فیض حمید نے حسین حقانی پر پابندی عائد کرنے کے لیے بھی دباؤ ڈالا لیکن ان کا مطالبہ پورا نہیں کیا گیا۔
انہوں نے بتایاکہ فیض حمید اور ان کے ماتحت افسران ٹی وی چینلز پر دباؤ ڈالتے رہے، اپریل 2017 میں شدید دباؤ کی وجہ سے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف، اس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار اور آرمی چیف کو خط بھی لکھا تھا جس میں بتایا تھا کہ پیمرا حکام کو ہراساں اور مفلوج کیا جا رہا ہے۔












