5 روز کے حملوں کے بعد اسرائیل اور فلسطین جنگ بندی پر راضی ہوگئے۔ امریکا نے جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس معاہدے میں ثالثی کرنے پر مصر کی حکومت کو سراہا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل اور اسلامی جہاد تحریک نے ایک جنگ بندی پر اتفاق کیا جس پر رات 10 بجے سے عمل درآمد ہوا۔ مصری حکومت نے تمام فریقوں سے معاہدے کی پاسداری کرنے کا مطالبہ کیا۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کرائن جین پیئر نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی حکام نے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس مخاصمت کے حل کے لیے کام کیا تاکہ تاکہ مزید جانی نقصان کو روکا جا سکے اور اسرائیلیوں اور فلسطینیوں دونوں کے لیے امن بحال کیا جا سکے۔
اسرائیلی حکام کی جانب سے فوری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔ تاہم معاہدے کی دستاویز میں لکھا گیا ہے کہ دونوں فریق جنگ بندی کی پابندی کریں گے جس میں شہریوں کو نشانہ بنانا، مکانات کو مسمار کرنا، جنگ بندی کے نافذ العمل ہونے پر فوری طور پر افراد کو نشانہ بنانے کا خاتمہ شامل ہوگا۔











