’جوش ؔشناسی‘
کے مصنف، شاعر وادیب اور اُستاد
سردارؔ احمد( علیگ) کی رِحلت
ممبئی : ۔(ندیم صدیقی) ’جوش شناسی‘ جیسی کتاب کے مصنف ،شاعر و ادیب اور اردو کے استاد(83 سالہ) سردار احمد( علیگ) گزشتہ سنیچر15 مئی کو لکھنؤ میں رِحلت کر گئے۔ وہ علاج و معالجے کے سلسلے میں اٹاوہ سےلکھنؤ آئے تھے اور پھر لکھنؤ ہی میں انہوں نے آخری سانس لی۔
سردار احمد( علیگ)26 جنوری 1937 کو بارہ بنکی(اُتر پردیش) میں پیدا ہوئے تھے ۔ ان کا خاندان علمی پسمنظر کا حامل تھا، ان کے بزرگ وکالت اور طبابت کیا کرتے تھے۔
سردار احمد( علیگ) نے ابتدائی تعلیم تو بارہ بنکی ہی میں حاصل کی مگر اعلیٰ تعلیم کے لیے وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں داخل کیے گئے۔
اُنہوں نے خلیل الرحمان اعظمی کے مشورے سے Phdکے لیے اصغرؔ گونڈوی کی شخصیت اور فن کو موضوع ِ تحقیق بنایا۔سردار احمد(علیگ) کی کتاب(جوش شناسی۔1982) کے آخری صفحات میں درج ہے کہ’’ یہ تحقیقی مقالہ کئی ماہ قبل میرٹھ یونی ورسٹی میں پیش کرنے کے لیے تیار ہوچکا ہے، اس کی اشاعت بھی جلد عمل میں آئے گی۔‘‘
اُنہوں نے کانپور کی مشہور درس گاہ فیض عام اِنٹر کالج سے اپنی عملی زندگی شروع کی اور پھر وہ اِٹاوہ منتقل ہوگئے جہاں مرحوم نے اسلامیہ کالج میں تین دہے سے زاید مدت تدریسی خدمات انجام دیں اور وہیں سے ریٹائر ہوئے۔
اٹاوہ ہی سے انہوں نے اُردو کا ایک سہ ماہی رسالہ ’’ اکائی‘‘ جاری کیا تھا۔ 1982 میں ملیح آباد کے شبیر حسن خاں جوش ؔ کے انتقال کے بعد ان کی کتاب ’’ جوش ؔشناسی‘‘ شائع ہوئی تھی، جس میں اُنہوں نے جوشؔ ملیح آبادی کے علم و فن کے ساتھ ان کے شخصی پہلوؤں کو بھی ایک سلیقے سے فوکس کیا تھا ہمارا خیال ہے کہ جو شؔ کی رِحلت کے فوراً بعد یہ کتاب اپنے موضوع پر اوّلین حیثیت رکھتی ہے۔
سردارؔ احمد اپنی اس کتاب کے ابتدائی صفحات پر واضح کرتے ہیں :
’’ شوکت ِالفاظ کے شہنشاہ جوشؔ کے ہاں تشبیہات، استعارات اور امیجز
کی روشن بستیوں کا ایک لامتناہی سلسلہ جگمگاتا نظر آتا ہے،ان بستیوں کی سَیر کرانے اور ان کی تب وتاب کی قدر و قیمت عام کرنے کی غرض سے میری ایک اور کتاب بھی زیر ِتر تیب ہے لیکن ’ جوش شناسی‘ میں جوشؔ کے تمام پہلوؤں کو سمیٹنا اور ان کو سامنے لانا مطلوب و مقصود تھا اِس لیے کسی ایک پہلو ہی پر توجہ مرکوز نہیں کی گئی ہے۔‘‘
جوش ؔکے تعلق سے انہوں نے اپنی کتاب میں ایک واقعہ نقل کیا ہے جو ادب کے طلبا اور باذوق لوگوں کی دلچسپی کا حامل ہے جس میں جوش ؔکے ایک خاص مزاج پرروشنی پڑتی ہے:
’’ میں(مائل ملیح آبادی) نےپوچھا: آپ نے دُنیا کےجن شاعروں کا کلام پڑھا ہے، ان میں سےکس کےکلام کا مقابلہ کرنے سے عاجز رہے ہیں۔؟
جوشؔ صاحب نے جواب دِیا : میں نے کسی شاعر کا کبھی مقابلہ نہیں کیا ہے۔ ہاں سورۂ رحمان کاجواب لکھنے کی بارہا کوشش کی ہےمگر ہر مرتبہ شکست کھا کر خاموش ہوگیا۔
’ کب تک آخر اپنے رب کی نعمتیں جھٹلائے گا۔‘ اس نظم کو کبھی سورۂ رحمان کا جواب سمجھتا تھا، اب پڑھتا ہوں تو اپنی نادانی پر حیرت ہوتی ہے۔
میں نے پوچھا: کیاآپ پھر کبھی اس موضوع پرلکھنے کی کوشش کریں گے؟
’ نہیں‘ جوشؔ نے جواب دِیا۔’ وہاں الفاظ، فصاحت وبلاغت کا دریا بہہ رہا ہے، ایک ایک لفظ دل میں اُترتا چلا جاتا ہے، میرے پاس نہ وہ الفاظ ہیں اور نہ وہ زبان ۔ ‘‘
سردار احمد (علیگ) کی تصنیف و تالیف کی تفصیل کچھ یوں ہے: ’ فکر اقبال کا تدریجی انقلاب، خواب ایک بچے کا، دانائے راز(حیات حاجی وارث علی شاہؒ)، دِلّی کے دبستانِ شاعری کا سماجی، معاشرتی اور سیاسی پس منظر اور شیکسپئر کی مشہور کہانیاں(ترجمہ)
سردار احمد علیگ کو اتر پردیش اُردو اکادیمی اور بہار اُردو اکادیمی کی طرف سے انعام بھی دیا گیا ۔
سردار احمد (علیگ) پیدا بارہ بنکی میں ہوئے تو لکھنؤ میں آسودۂ خاک ہوئے۔ ان کے پسماندگان میں بیوہ رئیسہ فاطمہ کے ساتھ دو بیٹیاں اور دو بیٹے ہیں۔













