آسٹریلیا میں کورونا ویکسین کو لازمی قرار دینے کے خلاف ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے مختلف شہروں میں ہفتے کے روز کووڈ 19 ویکسین کو لازمی قرار دیے جانے کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جب کہ اس موقع پرعوام کی کچھ تعداد نے حکومتی اقدامات کی حمایت میں بھی مظاہرہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا میں 16 سال اور اس سے اوپر کے 85 فیصد افراد کو مکمل کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے، ملکی سطح پر کورونا ویکسین کو رضاکارانہ قرار دیا گیا ہے تاہم بعض ریاستوں کی جانب سے متعدد پیشوں میں ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے اور ویکسی نیشن نہ کرانے والوں کو پیشہ ورانہ سرگرمیوں سمیت کانسرٹس اور ہوٹلوں میں جانے سے روکا جارہا ہے۔













